لوئر مال (علی رامے) شہباز شریف دور حکومت کا ایک اور میگا منصوبہ صاف شفاف نکلا، سابق وزیر اعلیٰ شہباز شریف کے 16 ارب روپے کے "خادم پنجاب امدادی پروگرام " سے بھی حکومت کو کچھ نہ مل سکا۔
آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے رپورٹ گورنر پنجاب کے بعد اب کابینہ کو بھی پیش کردی ہے، رپورٹ میں بتایا گیا کہ خادم پنجاب امدادی پروگرام کا بنیادی مقصد سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرہ افراد کی مالی امداد تھا ،اس پراجیکٹ پر 16 ارب روپے کا فنڈ پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے حوالے کیا گیا اور متاثرہ افراد میں یہ رقم تقسیم کی گئی۔
آڈٹ رپورٹ کے مطابق اس پروگرام میں کرپشن اور مالی بے ضابطگیوں کا ایک پیرا بھی نہیں نکل سکا، آڈٹ رپورٹ میں صرف محکمانہ عدم دلچسپی اور مالی پالیسیوں کی خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی گئی جبکہ آڈٹ رپورٹ میں پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو چیک اینڈ بیلنس کی ہدایات کی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل برطانوی عدالت نے بھی شہبازشریف کو کلین چٹ دی ہے، برطانوی عدالت نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف و مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور ان کے خاندان کو منی لانڈرنگ اورمجرمانہ سرگرمیوں کے الزامات سے بری کردیا اور ان اکاؤنٹس کو بھی بحال کرنے کا حکم دیا جو دسمبر2019 میں عدالتی حکم پرمنجمد کیےگئےتھے۔