سٹی 42: فیکٹری ایریا کے علاقے سے شہری کی نعش برآمد، پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دیا۔
پولیس کے مطابق انھیں اطلاع ملی کہ فیکٹری ایریا کے علاقہ میں نامعلوم شخص کی نعش برآمد ہوئی ہے جس پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے اور لاش کو تحویل میں لے لیا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ متوفی کی شناخت صہیب شاہ کے نام سے کی گئی ہے۔ بظاہر یوں لگتا ہے کہ متوفی نشے کا عادی تھا۔ نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کردیا گیا ہے جبکہ ورثا کی تلاش جاری ہے۔ موت کی وجوہات کا تعین پوسٹ مارٹم رپورٹ میں کیا جائے گا۔
دوسری جانب موٹروے کیس کا مرکزی ملزم عابد ملہی ایک مرتبہ پھر پولیس کو چکما دے کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ہے۔ واقعہ کو 24 روز گزرنے کے باوجود بھی پولیس عابد ملہی کو گرفتار نہیں کر پائی ہے۔ تاہم پولیس نے اب ننکانہ صاحب میں چھاپہ مارا ہے لیکن وہ اس بار بھی اسے پکڑنے میں کامیاب نہیں ہو پائی۔
ذرائع کے مطابق ملزم عابد ملہی اپنی سالی سے ملنے کیلئے ننکانہ صاحب آیا تھا جہاں خاتون نے محلے داروں کی مدد سے پولیس کواطلاع کی لیکن عابد ملہی پولیس اہلکاروں کودیکھنے کے بعد وہاں سے فرار ہو گیا۔ پولیس جو نہی پہنچی تو عابد قبرستان کے راستے فرار ہوا۔
خیال رہے کہ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیاہے اور بھاری نفری تعینات کر دی ہے۔ ملزم عابد ملہی موٹروے واقعہ کا مرکزی ملزم ہے جس کی گرفتاری کے لیے پنجاب پولیس سرتوڑ کوششیں کر رہی ہے۔