دورہ نیوزی لینڈ کیلئے کھلاڑیوں کے ناموں پر غور شروع

2 Oct, 2020 | 08:11 PM

Arslan Sheikh

( حافظ شہباز علی ) قومی سلیکشن کمیٹی نے زمبابوے کے خلاف ہوم سیریز اور دورہ نیوزی لینڈ کے لئے کھلاڑیوں کے ناموں پر غور شروع کردیا ہے،  زمبابوے کے خلاف سیریز میں اہم کھلاڑیوں کو آرام کروانے پر غور جاری ہے۔

قومی سلیکشن کمیٹی نے زمبابوے کے خلاف ہوم سیریز اور دورہ نیوزی لینڈ کے لئے ٹیم کے انتخاب پر سلیکٹرز نے مشاورت شروع کردی۔ کھلاڑیوں کے ناموں کو آئندہ ہفتے حتمی شکل دیئے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے ابتدائی مشاورت مکمل کر لی ہے۔ 

مصباح الحق نے صوبائی ایسوسی ایشنز کے کوچز کے ساتھ ملتان میں ابتدائی مشاورت کی۔ ساتھی کوچز کے ساتھ مشاورت کے بعد آئندہ ہفتے ناموں کو حتمی شکل دی جائے گی۔ 35 سے 40 کھلاڑی دورہ نیوزی لینڈ پر جائیں گے۔ اسکواڈ میں پاکستان ٹیم اور پاکستان شاہین کے کھلاڑی شامل ہوں گے۔‏ زمبابوے کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا جائے گا۔

اس سلسلے میں عبداللہ شفیق، ذیشان ملک اور ذیشان اشرف کو اسکواڈ میں شامل کیا جائے گا۔‏ مصباح الحق ون ڈے اسکواڈ میں ایک دو تبدیلیوں کا عندیہ دے چکے ہیں جبکہ پاکستان شاہین میں ٹاپ پرفارمرز کو شامل کیا جائے گا۔ پاکستان شاہین نے نیوزی لینڈ میں دو چار روزہ اور 6 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنا ہیں۔

‏قومی ٹیم زمبابوے کے خلاف تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز جبکہ دورہ نیوزی لینڈ میں دو ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔ ٹور پر تمام کھلاڑی قومی ٹیم اور پاکستان شاہین کے لئے دستیاب ہوں گے۔   

مزیدخبریں