( راؤ دلشاد حسین، ذیشان صفدر ) صفائی کمپنی کی عدم توجہی کے باعث باغوں کا شہر کچرا کنڈی میں تبدیل ہوگیا، تھارٹن روڈ، گوالمنڈی، چیمبر لین روڈ، لنڈا بازار، برانڈرتھ روڈ اور ہال روڈ سمیت دیگر شاہراہوں پر کوڑا کرکٹ کے ڈھیر لگ گئے۔
شہر کے مختلف علاقوں میں دس ہزار ٹن کوڑا کرکٹ سڑکوں پر موجود ہے۔ مختلف علاقوں میں پڑے ویسٹ کنٹینرز اٹھائے نہ جاسکے۔ شہر میں موجود ساڑھے چار ہزار کنٹینرز گندگی اور تعفن پھیلا رہے ہیں۔ کوڑا کرکٹ اٹھانے والی گاڑیاں کبھی کبھار کنٹینرز اٹھاتی ہیں۔
شادمان، ایبٹ روڈ، لکشمی چوک، مال روڈ، شمالی لاہور، چائنہ سکیم، شالامار باغ، گڑھی شاہو، انار کلی، مغلپورہ سٹیشن، اندرون شہر، راوی روڈ، بادامی باغ اور شادباغ کے علاقے کچڑا کنڈی کا منظر پیش کررہے ہیں۔
ادھر ایل ڈبلیو ایم سی کے عملے نے اندرون لاہور کو نظر انداز کردیا، اندرون لاہور کی گلیوں میں جابجا کوڑے کے ڈھیر نظر آتے ہیں۔ چوک مستی لوہاری گیٹ، موچی گیٹ اور شاہ عالمی مارکیٹ سمیت دیگر محلوں میں گندگی کے ڈھیر لگ گئے۔ اندرون لاہور کے رہائشی حکومت کی کارکردگی سے نالاں دکھائی دیئے۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ ویسٹ منجمنٹ کمپنی کے عملے نے اندرون لاہور کام کرنا چھوڑ دیا ہے، ہفتے میں ایک بار بمشکل چکر لگاتےہیں، حکومت ان پر رحم کرے اور اندرون لاہور کی گلیوں کو صاف کرایا جائے۔ لوہاری گیٹ سمیت دیگر محلوں کے رہائشیوں نے کوڑا کرکٹ اٹھانے کا مطالبہ کردیا۔