( جنید ریاض ) سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے صوبہ بھر کے 1 ہزار 527 سکولوں میں درجہ چہارم کے ملازمین کی بھرتی کیلئے منظوری دے دی۔
لاہور میں 200 سکولوں کیلئے درجہ چہارم کے ملازمین کی بھرتی کیجائے گی۔ فیصل آبار 100، چکوال 15، گجرانولہ 15 اور حافظہ آباد میں 120 ملازم رکھے جائیں گے۔ اٹک 30، بہاولنگر 55، بہاولپور 40، بھکر میں 15 ملازم، ملتان 95، میانوالی 15، لودھراں 27 اور لیہ میں 30 ملازم رکھے جائیں گے۔
اسی طرح وہاڑی 63، ٹوبہ ٹیک سنگھ 20، سیالکوٹ 15 اور شیخوپورہ میں 20 ملازم بھرتی ہونگے۔ سیکرٹری ایجوکیشن نے درجہ چہارم کی بھرتی کیلئے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
دوسری جانب محکمہ تعلیم نے سکول انفارمیشن سسٹم پر ریٹائرڈ، مستعفی، وفات اور برخاست ہونے والے اساتذہ کا ڈیٹا خارج کرنے کا حکم دے دیا۔ سکول انفارمیشن سسٹم پر ریٹائرڈ، مستعفی، وفات اور برخاست ہونے والے اساتذہ کا ڈیٹا تاحال دستیاب ہے جس کی وجہ سے محکمہ تعلیم کو بے شمار مسائل کا سامنا ہے۔
ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے ڈی ای اوز کو سیس پر سکولوں کا ڈیٹا درست کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ فوری سکول سے فارغ اساتذہ کا ڈیٹا نکالا جائے۔ احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے کی صورت میں متعلقہ افسران کیخلاف کارروائی کیجائے گی۔
ایجوکیشن اتھارٹی کا کہنا تھا کہ ڈیٹا درست کرنے کے بعد سکول سربراہان اپنے لیٹر ہیڈ کے ذریعے اتھارٹی کو آگاہ کریں گے۔ ڈیٹا کی درستگی کیلئے تمام سکول سربراہان کو 2 اکتوبر تک کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے۔