گھریلو ملازمہ ثنا قتل کیس،عدالت نےبڑاحکم سنادیا

2 Oct, 2020 | 12:28 PM

M .SAJID .KHAN

(شاہین عتیق)کمسن گھریلو ملازمہ ثناء قتل کیس میں سیشن کورٹ نے ملزمہ ڈاکٹر حمیرا اور اسکے شوہر کو بری کردیا۔ عدالت نے فریقین میں صلح کی بنیاد پر ملزموں کو بری کرنے کا حکم سنایا۔

تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج عمران شفیع نے خاتون اور اس کے   شوہر کو بری کردیا,لواحقین کے ساتھ صلح کی روشنی میں ڈاکٹر حیمرا اور اسکے شوہر کو بری کیا،دونوں ملزموں کے خلاف تھانہ چوہنگ پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کررکھا تھا ,دونوں پر کمسن ملازمہ کو تشدد کے بعد قتل کرنے کا الزام تھا۔

واضح رہے کہ  ہنجروال میں چودہ سالہ گھریلو ملازمہ ثنا کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں تشدد ثابت ہو اتھا،سال 2019 کی آخری رات ہنجروال کے علاقے میں ایک گھر میں چودہ سالہ ملازمہ کی پر اسرار طور پر موت واقع ہو ئی تھی،پولیس کے مطابق چودہ سالہ ثنا دو ماہ سے ڈاکٹر حمیرا کے گھر میں کام کر رہی تھی۔ ڈاکٹر عمیرہ نے پولیس کو ابتدائی بیان میں بتایا تھا کہ ثنا سیڑھیوں سے گر کر زخمی ہو گئی تھی جس کو طبی امداد دی جا رہی تھی کہ موت واقع ہوگئی۔

پولیس نے ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ حاصل کی جس میں انکشاف ہوا کہ ثنا کو تشدد کا نشانہ بنا گیا تھا۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق مقتولہ کے جسم پر پانچ مقامات پر تشدد کے نشانات موجود ہیں۔ پولیس نے ڈاکٹر حمیرا اور اس کے خاوند کو گرفتار کر لیا تھا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ فرانزک رپورٹ کا بھی انتظار ہے، بچی کے جسم پر دو ماہ پرانے تشدد کے نشانات بھی واضع ہیں۔ پولیس کے مطابق ڈاکٹر حمیرا نے اس بات کا اعتراف کیا کہ کام کاج ٹھیک نہ کرنے پر اسے مارتی پیٹتی تھی، ڈاکٹر عمیرہ منصورہ ہسپتال میں گائنی کی ڈاکٹر ہیں۔

مزیدخبریں