جیل روڈ (زاہد چودھری) 24 گھنٹے کے دوران لاہور میں کورونا کے 57 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی جبکہ وائرس سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی، شہر کے سرکاری اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں بدستور 24 مریض زیر علاج ہیں۔
ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کے مطابق لاہور میں وبا کے دوران مجموعی طور پر کورونا سے اب تک 49894 کنفرم کیسز سامنے آئے ہیں اور 864 اموات ہوچکی ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں کورونا کے 101 نئے مریض اور ایک موت کی تصدیق کی گئی، صوبے میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 99,479 ہو گئی ہے اور 2235 اموات ہوچکی ہیں، اب تک کورونا کا شکار ہونے والے 95501 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔علاوہ ازیں شہر میں ڈینگی کا خطرہ بھی کم نہ ہوا، چوبیس گھنٹے کے دوران ڈینگی کے 4 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی، ہسپتالوں میں 14 مشتبہ مریض رپورٹ ہوئے، ڈینگی بخار کے ایک مریض کی تصدیق فیصل آباد میں کی گئی ہے۔
ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کے مطابق پنجاب بھر میں مجموعی طور پر ڈینگی کے 701 مشتبہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، رواں برس یکم جنوری سے اب تک صوبے بھر میں ڈینگی کے 72 کنفرم مریض رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے صرف 5 ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں، گزشتہ ایک ہفتے کے دوران صوبے میں 4395 مقامات سے ڈینگی لاروا برآمد ہوا ہے ۔
ترجمان محکمہ صحت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول کو خشک اور صاف رکھ کر ڈینگی وائرس سے محفوظ رہیں، ڈینگی کی علامات ظاہر ہونے پر طبی رہنمائی کے لئے 1033پر رابطہ کریں، ڈینگی ٹیمیں آپ کے علاقے میں نہ پہنچیں تو 1033 پر شکایت درج کروائیں۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس انسانوں سے انسانوں میں منتقل ہوتا ہے، شہری کورونا وائرس سے بچنے کیلئے ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے اور گلے ملنے سے اجتناب کریں، گرم پانی پیئں اور ماسک استعمال کریں۔