شاہد ندیم: محکمہ اوقاف و مذہبی امور پنجاب کا دربار میاں میر کے قبرستان میں آپریشن، وزیراعظم عمران خان اور وزیر دفاع پرویز خٹک کے رشتہ داروں کے غیر قانونی احاطوں کو مسمار کر کے اراضی واگزار کرا لی۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ اوقاف و مذہبی امور پنجاب کی جانب سے قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن کیا گیا، آپریشن مینجر اوقاف دربار میاں میر کی نگرانی میں ہوا، اس دوران قبرستان میں قائم قبضہ واگزار جب کہ متعدد احاطے مسمار کر دیئے گئے۔
آپریشن کے دوران وزیراعظم پاکستان عمران خان کے خاندان کا احاطہ بھی مسمار کر دیا گیا ہے، وزیراعظم کے خاندان نے زمان پارک ون اور ٹو کے نام سے احاطے قائم کر رکھے تھے جن کو غیر قانونی قرار دے کر مسمار کیا گیا ہے۔ احاطے میں وزیراعظم عمران خان کی والدہ شوکت خانم مرحومہ سمیت دیگر رشتہ داروں کی قبریں ہیں۔
دوسری جانب وزیر دفاع پرویز خٹک کے رشتہ داروں کا احاطہ بھی مسمار کر دیا گیا ہے، مجموعی طور پر 32 احاطوں کے خلاف آپریشن کیا گیا، مینجر اوقاف بدر حیات کے مطابق عدالتی احکامات کی روشنی میں آپریشن کیا گیا ہے۔