رائیونڈ اجتماع؛ شہری صبح7 بجے سے دوپہر12بجے تک رائیونڈ روڈ پر سفرکرنے سے گریز کریں، سی ٹی او لاہور

2 Nov, 2024 | 05:35 PM

عرفان ملک : سی ٹی او لاہورعمارہ اطہر  نے کہا ہےکہ اختتامی دعا کے وقت رائیونڈ سٹی/اجتماع آنے والے تمام روڈز ٹریفک کیلئے بند ہوں گے ۔ 

سی ٹی او لاہور نے انخلاء کے ٹریفک انتظامات کا جائزہ لینے کےلئے رائیونڈ روڈ کا وزٹ کیا، جہاں ایس پی شہزاد خان نے تیسرے روز اور انخلاء کے ٹریفک انتظامات پر انہیں بریفنگ دی، کہا گیا کہ اختتامی دعا کے وقت رائیونڈ سٹی آنیوالے تمام روڈز پر شرکا کی گاڑیوں کو یکطرفہ چلا یا جائے گا، صبح 07 بجے سے لیکر انخلاء تک تقریباً 12 بجے تک رائے ونڈ جانے والے راستے بند ہونگے، رائیونڈ روڈ پاجیاں موڑ، قزلباش چوک موٹروے اور ٹھوکر نیاز بیگ تک دونوں اطراف پر ون وے چلایا جائے گا ۔ 

عمارہ اطہر  نے کہا کہ بھوبتیاں چوک تا موہلنوال تک دونوں اطراف پر شرکاء کی گاڑیوں کو ون وے چلایا جائے گا،سندر روڈ، رائیونڈ روڈ تا سندر اڈا ملتان روڈ،رائیوڈ مانگا روڈ،کوٹ رادھا کشن روڈ اور صوئے آصل روڈ پر شرکا کی گاڑیوں کو یکطرفہ چلایا جائے گا، انخلاء کے وقت کسی بھی قسم کی ٹریفک کو موٹروے اوررنگ روڈ سے جانب رائیونڈ نہیں اترنے دیا جائے گا، رائے ونڈ روڈ، مانگا روڈ، سندر روڈ، موہلنوال روڈ سے کہیں بھی روڈ کراسنگ کی اجازت نہیں ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ انخلاء کے وقت سب سے پہلے موٹر سائیکل اور رکشہ اسٹینڈز خالی کروائے جائیں گیں، کار اسٹینڈ، ویگن اسٹینڈ، اور آخرمیں بس اسٹینڈ اور ٹرک اسٹینڈ کو خالی کروائے جائیں گے۔

سی ٹی او لاہور نے کہا کہ ٹریفک کی روانی کیلئے وارڈنز کی اضافی نفری اور تمام دفتری سٹاف بھی تعینات کر دیا گیا ہے، ٹریفک دباؤ کم ہونے پر روڈز پر ٹریفک کو معمول کے مطابق رواں دواں رکھا جائے گا، اختتامی دعا کے وقت کسی بھی گاڑی کو اجتماع روڈ پر کھڑا نہ ہونے دیا جائے، شہری صبح7 بجے سے دوپہر12بجے تک رائیونڈ روڈ پر سفرکرنے سے گریز کریں ۔ 

واضح رہے کہ رائیونڈ میں ہونے والے عالمی تبلیغی اجتماع کے پہلے مرحلے کی اختتامی دعاکل نمازفجرکےبعدہوگی، البتہ لاہور سے دعا میں شرکت کےلیے شہریوں کی کثیر تعداد پہنچنے لگی۔ اجتماع گاہ چوک میں ٹریفک جام ہونے سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ 

مزیدخبریں