زین مدنی: چیئر پرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ کی اداکارہ نرگس سے ملاقات،انصاف کی یقین دہانی کرائی، کہتی ہیں واقعے میں ملوث افراد کوقانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
تفصیلات کےمطابق حنا پرویز بٹ نے اداکارہ نرگس سے ملاقات کی، چیئر پرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ کاکہناہے نرگس کے ساتھ ایک پروٹیکشن آفیسر کو اٹیچ کر دیا ہے،قانونی مدد فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔ خواتین پر گھریلو تشدد ایک سنگین مجرمانہ فعل ہے۔یہ کوئی معمولی بات نہیں مجرم کو سزا دلوائی جائے گی۔
انہوں نےمزیدکہاکہ ویمن پروٹیکشن اتھارٹی خواتین پہ تشدد پر کمپرومائز نہیں کرے گی،وزیر اعلیٰ کی ہدایات کے مطابق خواتین پر تشدد حکومت کی ریڈ لائن ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اداکارہ نرگس پر تشدد کا واقعہ پیش آیا تھا، تاحال ملزم انسپکٹر ماجد بشیر کو گرفتار نہیں کیا جا سکا ہے،اداکارہ نرگس نے چند برس پہلے انسپکٹر ماجد بشیر سے شادی کی تھی، نرگس شادی کے بعد شوبز کی دنیا کو خیر باد کہہ کر بیوٹی سیلون چلا رہی ہیں۔
اس سے قبل پولیس کا کہنا تھا کہ جھگڑے کے بعد اداکارہ نرگس گزشتہ رات تھانے بھی آئیں لیکن کوئی درخواست نہیں دی تھی، بعد ازاں اداکارہ نے اپنے شوہر ماجد بشیر کے خلاف مقدمہ درج کروایا دیا۔
ایف آئی آر میں اداکارہ نرگس نے الزام عائد کیا کہ شوہر ماجد بشیر اس کی جائیداد کے کاغذات، کیش اور فارم ہاؤس اپنے نام کروانا چاہتا تھا، ملزم 9 کنال کا پلاٹ ہڑپ کرنا چاہتا ہے۔
انکار پر اس نے تشدد کا نشانہ بنایا، سرکاری پسٹل سے چہرے پر لگاتار وار کیے اور گھریلو عملے اور بھانجے کے سامنے تشدد کیا اور کمرے میں بند کر دیا، ملزم نے یہ دھمکی بھی دی کہ فارم ہاؤس، سونا اور مزید رقم نہ دی تو وہ اسے قتل کردے گا۔