اویس کیانی : نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ ذرائع ابلاغ ریاست کا چوتھا ستون ہیں اور معاشرے کی تعمیر و ترقی اور عوام کی ذہنی اور فکری تربیت میں انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے حقوق کا تحفظ بھی ریاست کی ذمہ داری ہے۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے پاکستان براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن کے وفد نے آج ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک میں ذرائع ابلاغ، خصوصاً برقی ذرائع ابلاغ کے مسائل کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔ وفد نے وزیراعظم کو اشتہارات کے ضمن میں حکومت کی جانب سے واجبات کی عدم ادائیگی کے مسئلے کے حوالے سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے وفد کو اشتہارات کے واجبات کی ادائیگی کا یقین دلایا اور وزارت اطلاعات و نشریات کو اس مسئلے کو جلد از جلد حل کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں وزیراعظم نے ذرائع ابلاغ کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ذرائع ابلاغ ریاست کا چوتھا ستون ہیں اور معاشرے کی تعمیر و ترقی اور عوام کی ذہنی اور فکری تربیت میں انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے حقوق کا تحفظ بھی ریاست کی ذمہ داری ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت اور ذرائع ابلاغ کے مؤثر اور مربوط رابطے سے عوام حکومتی پالیسیوں اور اقدامات سے باخبر رہ سکتے ہیں، اور گڈ گورننس اور حکومتی کارکردگی کے احتساب میں ذرائع ابلاغ کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔
اجلاس میں وزیراعظم نے اس امید کا اظہار کیا کہ ذرائع ابلاغ غیر جانبدارانہ رپورٹنگ کے ذریعے جمہوریت کے استحکام میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
وزیراعظم نے وفد کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کے تحت معاشی استحکام کی حکمت عملی کی اہمیت کی میڈیا کے ذریعے آگاہی بڑھانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈالر کی قدر میں حالیہ کمی، سمگلنگ کی روک تھام، بجلی چوری کے تدارک اور دیگر اقدامات سے عام آدمی کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔
واضح رہے کہ ملاقات میں نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی، سیکرٹری اطلاعات و نشریات اور پرنسپل انفارمیشن آفیسر شامل تھے۔ وفد میں چیئرپرسن پاکستان براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن شکیل مسعود، سیکرٹری جنرل پی بی اے میاں عامر محمود، سینیئر وائس چیئرمین میر ابراہیم رحمٰن اور طاہر خان شامل تھے۔