ویب ڈیسک: محسن نقوی کا کہنا ہے کہ پولیس افسر اشرف مارتھ نے شہادت کا بلند رتبہ پایا۔ شہید اشرف مارتھ ہمارے دلوں میں زندہ ہیں اورہمیشہ زندہ رہیں گے۔ شہید اشرف مارتھ کی لازوال قربانی کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔
وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کی تحصیل پنڈدادنخان کے علاقے سید پور کے نواحی گاؤں سگھر پور آمد، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان اور انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور بھی ان ہمراہ تھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب ،چیف سیکرٹری اور انسپکٹر جنرل پولیس نے شہید پولیس افسر اشرف مارتھ کی قبرپر پھول چڑھائے۔ محسن نقوی نے اشرف مارتھ کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر پولیس کے چاک وچوبند دستے نے شہید پولیس افسر اشرف مارتھ کو سلامی پیش کی۔
وزیراعلی محسن نقوی نے شہید پولیس افسر اشرف مارتھ کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔
واضح رہے کہ شہید اشرف مارتھ پولیس سروسز آف پاکستان کے پہلے پولیس افسر تھے جو دہشت گردوں کی ٹارگٹ کلنگ سے شہید ہوئے تھے۔