ویب ڈیسک: تحریک انصاف کے آزادی مارچ پر بادل برسنے کو تیار، محکمہ موسمیات نے 4 اور 5 نومبر کو اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں ک پیشگوئی کر دی ۔ تفصیلات کے مطابق ایک ایسا وقت جب تحریک انصاف کا لانگ مارچ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی جانب بڑھ رہا ہے، عین اسی وقت بارشوں اور سردی کی شدت میں اضافے کی پیشن گش کر دی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں بارش پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، اسلام آباد میں چار نومبر جمعہ کی شام رات سے بادل برس سکتے ہیں، خطہ پوٹھوہار سمیت بالائی پنجاب میں بھی بارش کا امکان ہے۔ گلگت بلتستان ،کشمیر، خیبرپختونخوا کے اکثر مقامات پر بھی تیز ہوائوں کے ساتھ بارش کی توقع ہے، اس دوران بلند پہاڑوں پر ہلک برفباری کا امکان ہے۔
دوسری جانب فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اتوار تک اسلام آباد پہنچنا ممکن نہیں ہے۔ اپنے بیان میں فواد چوہدری نے تحریک انصاف لانگ مارچ کے شرکاء کو ممکنہ سرد موسم سے متعلق بھی خبردار کیا ہے۔ انہوں نے گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں کراچی والوں کو خاص طور سے گرم کپڑے ساتھ لانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی طرف آنے والے ہزاروں دوستوں خصوصاً کراچی والوں کو بتا دوں اسلام آباد کا موسم کافی سرد ہو رہا ہے، رات کو کافی ٹھنڈ ہوجاتی ہے لہٰذا کپڑوں کا انتخاب موسم کے مطابق کریں۔
فواد چوہدری لانگ مارچ کیلئے اسلام آباد میں 10 سے 15 لاکھ لوگ جمع کرنے کا دعویٰ بھی کر چکے۔ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے اپنا لانگ مارچ تاخیر سے اسلام آباد پہنچنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ عمران خان کا کہنا ہے کہ ہم اسلام آنے میں تھوڑی دیر ہورہی ہے، بس 8، 9 دن لگیں گے ، اسلام آباد کے قریب پہنچ کر سب کو دعوت دوں گا کہ پورے ملک سے قافلے اسلام آباد کی طرف نکلیں۔