(مانیٹرنگ ڈیسک)سستی سواری بھی ہوگئی مہنگی، سوزوکی کمپنی نے اپنی تمام موٹر سائیکلوں کے ماڈلز کی قیمتوں میں اضافہ کردیا جس کا اطلاق یکم نومبر سے ہوگیا۔
کمپنی کی جانب سے جاری نئی پرائس لسٹ کے مطابق مختلف ماڈل کی قیمتوں میں 15 تا 20 ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ سوزوکی کمپنی کے مطابق سوزوکی جی ایس 150 یورو کی قیمت 15 ہزار روپے کے اضافے سے 2 لاکھ 66 ہزار روپے ہوگئی، اس ماڈل کی قیمت پہلے 2 لاکھ 51 ہزار روپے تھی جبکہ جی آر 150 کی قیمت میں 20 ہزار روپے کا اضافہ کردیا جس سے اس ماڈل کی قیمت 3 لاکھ 85 ہزار روپے تک پہنچ گئی ہے، جی آر 150 کی قیمت پہلے 3 لاکھ 65 ہزار روپے تھی۔
اسی طرح سوزوکی ویرینٹ جی ڈی 110 ایس کی قیمت بھی 15ہزار روپے اضافے سے 2 لاکھ 44 ہزار روپے کردی گئی ہے جو پہلے 2 لاکھ 29 ہزار روپے تھی، جبکہ حال ہی میں متعارف کردہ جی ایس ایکس 125 کی قیمت بھی 3 لاکھ 59 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ہنڈا بھی اپنی تمام موٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کرچکی ہے، آٹو انڈسٹری ذرائع کا کہنا ہے کہ یاماہا کی جانب سے بھی قیمتیں بڑھانے کا فیصلہ متوقع ہے۔
آٹو انڈسٹری ذرائع کے مطابق کمپنی نے 125 متعارف کرنے کے بعد جی ایس 150 ایس ای کی فروخت بند کردی ہے.
ڈیلرز کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث موٹر سائیکلوں کی فروخت میں نمایاں کمی دیکھی جارہی ہے جبکہ آٹو اسمبلرز کا کہنا ہے کہ درآمدات مہنگی ہونے کے باعث موٹر سائیکلیں مہنگی ہورہی ہیں۔