(رضوان نقوی ) ایف بی آر نے 8دسمبر تک سالانہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی یاددہانی کروادی، ایف بی آر نے عندیہ دیا ہے کہ درست آمدن ظاہر نہ کرنے والوں کی تفصیلات ڈیٹا بنک میں موجود ہیں ڈیڈ لائن گزرنے کے بعد سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیونے تمام ٹیکس گزاروں کو یاددہانی کرائی ہے کہ وہ اپنے سالانہ انکم ٹیکس گوشوارے 8 دسمبر 2020 سے پہلے جمع کروا دیں ۔ ایف بی آر نے واضع کیا ہے کہ گوشوارے داخل کرانے کی تاریخ میں مزید توسیع نہیں کی جائے گی۔ ٹیکس گزار نئے وزرڈ بیسڈ آسان ویب انٹرفیس کے ذریعے راہ نمائی کے ساتھ سالانہ گوشوارے جمع کرا سکتے ہیں۔ ٹیکس آسان ایپ پر سمارٹ فون کے ذریعے بھی گوشوارے جمع کرائے جا سکتے ہیں۔
ایف بی آر نے عندیہ دیا ہے کہ ایسے تمام افراد کی نشاندہی کی جا چکی ہے جو قابل ٹیکس آمدنی ہونے کے باوجود گوشوارے جمع نہیں کرا رہے اور ایسے افراد جن کے اخراجات قابل ٹیکس آمدنی سے زائد ہیں لیکن انہوں نے سالانہ گوشواروں میں اپنی آمدن قابل ٹیکس آمدنی سے کم ظاہر کی ہے۔ ایف بی آر کے ڈیٹابیس میں ایسے تمام افراد کے اخراجات اور آمدن کی تفصیلات مو جود ہیں۔
ایف بی آر نے واضع کیا ہے کہ ایسے تمام افراد کو آخری موقع فراہم کیا جارہا ہے کہ وہ اپنے ٹیکس گوشوارے اپنے صحیح اخراجات اور آمدن کے حساب سے جمع کرائیں بصورت دیگر ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی ۔ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانا ہر اس شخص پر لازم ہے جس کی سالانہ آمدن چھ لاکھ یا اس سے زائد ہے۔