آزادی صحافت پر حملہ، پولیس کے تشدد سے سٹی فورٹی ٹو کے سینئر رپورٹر شدید زخمی

2 Nov, 2020 | 07:56 PM

Arslan Sheikh
Read more!

( رضوان نقوی ) صدر مسلم لیگ (ن) میاں شہبازشریف کی احتساب عدالت میں پیشی پر دھکم پیل، شہبازشریف کو میڈیا سے بات کرنے سے روکنے کی کوشش میں پولیس اہلکاروں نے سٹی فورٹی ٹو کے سینئر رپورٹر عمر اسلم کو تشدد کرکے زخمی کردیا۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی احتساب عدالت پیشی پر پولیس اہلکاروں نے نجی چینل کے کیمرہ مین اور سٹی فورٹی ٹو کے سینئر رپورٹر عمر اسلم کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا- سٹی فورٹی ٹو کے رپورٹر عمر اسلم نے میاں شہباز شریف سے سوال پوچھا سابق وزیراعلیٰ پنجاب صحافی کے سوال کا جواب دینے ہی والے تھے کہ پولیس اہلکاروں نے صحافی کو دھکے دینا شروع کردیئے۔

شہبازشریف کہتے رہے کہ سوال کا جواب دینے دیں، لیکن پولیس نے ایک نہ سنی اور دھکم پیل کے نتیجے میں سٹی فورٹی ٹو کے رپورٹر عمراسلم کو پاؤں پر چوٹ آئی۔

واضح رہے شہباز شریف خاندان کیخلاف منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت ہوئی، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا، شہباز شریف  اور حمزہ شہباز کو الگ الگ بکتر بند گاڑی میں عدالت لایا گیا تھا۔ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اپنے چچا شہباز شریف سے اظہار یکجہتی کے لیے احتساب عدالت پہنچیں جب کہ ان کے ہمراہ مریم اورنگزیب اور احسن اقبال سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ مریم نواز نے اپنے چچا زاد بھائی حمزہ شہباز کو تھپکی بھی دی اور انہیں بکتر بند میں عدالت لائے جانے کی مذمت کی۔

مزیدخبریں