مہنگائی کے مارے عوام کیلئے بری خبر

2 Nov, 2020 | 02:57 PM

M .SAJID .KHAN

(حسن علی)روز بہ روز بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عوام کا جینا محال کردیا، عوامی ایندھن ایل پی جی مزید مہنگی، پیٹرولیم مصنوعات میں اونٹ کے منہ میں زیرہ دینے کے برابر کمی اور اشیاءخوردنوش کی  قیمتوں میں اضافے نے عوام کے چھکے چھڑادیئے ہیں ، اب برائلر گوشت نے رہی سہی کسر نکال دی۔

تفصیلات کے مطابق عوام پر مہنگائی کے وار جاری ہیں اور ہر گزرتے دن اس میں اضافہ ہوتا چلا جارہا ہے، مایوس عوام حکمرانوں کی منہ کی طرف دیکھ رہے ہیں مگر اعلیٰ عہدوں پر فائز قوم کو گمراہ کرنے والے کھوکھلے دعوے ہوئے ایک اور لولی پاپ عوام کو دیتے ہیں، معاشرے میں فسادات کی اصل وجہ بھی مہنگائی بن رہی ہے،غریب طبقے کے پاس اتنی دولت نہیں کہ وہ مہنگی سبزیاں، بجلی کا بل اور دیگر بنیادی ضرورت کی اشیاء خرید سکے۔

لاہوریوں پر ایک اور مہنگائی کا بم گرادیا گیا، شہر میں  برائلر گوشت کی قیمت میں 12روپے فی کلو اضافہ ہوگیا، شہر میں برائلر گوشت 267 روپے فی کلو فروخت ہونے لگا، انڈوں کی قیمت 166 روپے فی درجن برقرار ہیں۔زندہ چکن184روپے کلو فروخت ہورہا ہے۔ دوسری جانب ایڈیشنل کمشنر نے خراب کارکردگی پر11 پرائس مجسٹریٹس سے وضاحت طلب کرلی،دوران چیکنگ6کو شوکاز جاری کیے گئے۔

ایڈیشنل کمشنرمشتاق ٹوانہ کا کہناتھا کہ اتوار کو33834شہری سہولت بازار آئے،20ملین کی سیل ہوئی،مارکیٹوں کی2179انسپیکشنز،44ایف آئی آر، 44گرفتار ہوئے،مٹن و چکن سرکاری نرخنامےسے10تا20روپےکم میں فروخت ہوا،گزشتہ 24گھنٹوں میں آٹا ،چینی کی ذخیرہ اندوزی سامنے نہیں آئی،لاہور میں31 سہولت بازارشہریوں کو ریلیف دے رہے ہیں،69مارکیٹوں کی انسپیکشنز میں3 لاکھ 12ہزار جرمانہ عائد کیا گیا۔

علاوہ ازیں رات گئے اے سی ماڈل ٹائون نے ذخیرہ اندوزوں کےخلاف کارروائی کرتے چینی کی 800 بوریاں ضبط کر لیں۔اسسٹنٹ کمشنرماڈل ٹاؤن ذیشان نصراللہ رانجھا کی قیادت میں رات گئے گرین ٹاؤن میں کریک ڈاؤن کیا گیا،ضبط کی گئی چینی کوٹ لکھپت منڈی گودام میں بھیج دی گئی، اے سی ماڈل ٹاون کا کہنا تھا کہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔

مزیدخبریں