وسیم خان نے پاکستان کرکٹ کو بغاوت سے بچالیا

2 Nov, 2019 | 10:40 PM

Arslan Sheikh

( شہباز علی ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان نے پاکستان کرکٹ کو بغاوت سے بچالیا۔

ایک غیر ملکی کرکٹ ویب سائٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کے اہم کرکٹرز نے علم بغاوت بلند کردیا تاہم پی سی بی کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان نے کھلاڑیوں سے ملاقات کرکے اس بغاوت پر قابو پالیا۔ ویب سائٹ کے دعوے کے مطابق بغاوت کرنے والے کھلاڑیوں میں محمد عامر، شعیب ملک اور عماد وسیم شامل ہیں۔ کھلاڑیوں نے پی سی بی کی طرف سے سی پی ایل اور پھراب ٹی ٹین لیگ کے لئے این او سی منسوخ کرنے کو زیادتی قرار دیا۔

جس پر چیف ایگزیکٹیو وسیم خان نے کھلاڑیوں کو بھارتی بورڈ کی مثال دی کہ وہ اپنے کھلاڑیوں کو آئی پی ایل کے علاوہ کسی لیگ میں کھیلنے کی اجازت نہیں دیتا جس پر کھلاڑیوں نے جواب دیا کہ بھارتی کرکٹرز آئی پی ایل سے ہی کروڑوں کمالیتے ہیں۔ کھلاڑیوں نے چیف ایگزیکٹو کے سامنے شکوہ کیا کہ اگر بورڈ نے این او سی نہیں دینا تھا تو پہلے آگاہ کردینا چاہیئے تھا مگر بورڈ نے آخری وقت میں این او سی واپس لئے جس سے ان کو نقصان پہنچا ہے۔

ویب سائٹ نے دعوی کیا ہے کہ قومی کھلاڑی این او سی نہ ملنے پر پریشان ہیں اور پاکستان کرکٹ میں بھی بنگلہ دیش کی طرح بغاوت ہونے والی تھی مگر بورڈ کی کوششوں سے یہ بغاوت ٹل گئی ہے۔ ویب سائٹ کے مطابق پی سی بی اب بھی ٹی ٹین لیگ کے لیے این او سی نہ دینے کے فیصلے پر قائم ہے۔

مزیدخبریں