( در نایاب ) لاہور میں فضائی آلودگی میں کمی کے لئے لبرٹی مارکیٹ گلبرگ کی راؤنڈ شیپ گراﺅنڈ میں 21 ہزار مربع فٹ پر میاواکی جنگل لگانے کے لئے مفاہمتی یاداشت پر دستخط کردئے گئے۔
لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور فارسٹری کے نجی ادارے کے مابین ایم او یو پر دستخط کئے گئے۔ لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل محمد عثمان معظم اور نجی ادارے کے چیف ایگزیکٹو بلال احمد چوہدری نے ایم او یو پر دستخط کئے۔ ڈی جی ایل ڈی اے کا کہنا ہے کہ ہر شہر ی کو اپنے حصے کا درخت لگا کر صاف اور صحت مند ماحول کی فراہمی کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے۔
ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے محمد عثمان معظم نے کہا کہ باغوں کے شہر لاہور کو پھر سے پھولوں، درختوں، سبزے اور ہریالی سے سجانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگل لگانے کا کام چار ہفتے میں مکمل کیا جائے گا اور یہاں مقامی اقسام کے 5 ہزار 600 درخت لگائے جائیں گے۔ یہ جنگل شہر کے ماحول سے کاربن جذب کرے گا اور آکسیجن مہیا کرے گا جس کے نتیجے میں فضائی آلودگی میں کمی اور ہوا کا معیار بہتر ہو گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ میاواکی جنگل میں پیدل چلنے والوں کے لئے گزر گاہیں بھی بنائی جائیں گی۔ میاواکی جنگل اگانے کی جاپانی تکنیک ہے۔ اس تکنیک سے لگایا جانے والا جنگل 10 گنا تیزی سے نشوو نماپاتا ہے۔ اس منصوبے کے لئے ایل ڈی اے کے وسائل استعمال نہیں کئے جائیں گے۔ نجی ادارہ اپنے اخراجات سے یہ منصوبہ مکمل کرے گا اور نجی اداہ کوئی معاوضہ یا سہولت بھی حاصل نہیں کرے گا۔