( شہباز علی ) پاکستان ویمن ٹیم نے پہلے ون ڈے انٹر نیشنل میں بنگلہ دیش کو 29 رنز سے شکست دے دی، پاکستان کی ناہیدہ خان عمدہ بلے بازی پر ویمن آف دی میچ قرار پائیں ۔
قذافی سٹیڈیم میں ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے پاکستانی ٹیم 49 ویں اوور میں 215 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ ناہیدہ خان 68، بسمہ معروف 39 اور عالیہ ریاض 37 رنز بناکر نمایاں رہیں۔ بنگلہ دیش کی جہاں آرا عالم نے تین، پنا گھوش اور ناہیدہ اختر نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش ویمن ٹیم 186 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ نگار سلطانہ 58، رومانہ احمد 28 اور فرجانہ حق 27 رنز بناکر نمایاں رہیں۔ پاکستان کی ثنا میر نے تین، ڈائنا بیگ اور سعدیہ اقبال نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے بنگلہ دیش کی آل راؤنڈر فہیمہ خاتون کا کہنا تھا کہ ہماری بیٹنگ اچھا پرفارم کررہی ہے مگر باولرز عمدہ کارکردگی نہیں دکھا پارہیں۔ پاکستانی کھلاڑیوں نشرہ سندھو اور ناہیدہ خان کا کہنا تھا کہ اپنے ہوم گراؤنڈ پر کھیل کر لطف اندوز ہورہی ہیں۔
دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا اور آخری ایک روزہ میچ پیر کے روز قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔