عابد چودھری : لاہور پولیس کے شہید کانسٹیبل غلام رسول کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ہے ۔
لاہور پولیس کے شہید کانسٹیبل غلام رسول کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، جس میں سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ ، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور محمد فیصل کامران ، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ذیشان اصغر ودیگر افسران و اہلکاروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔
آئی جی پنجاب نے شہید کانسٹیبل کےجسد خاکی کوسلامی پیش کی اور چادر چڑھائی، ساتھ ہی پولیس کے چاک و چوبند دستے نے شہید کانسٹیبل کے جسد خاکی کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہید کانسٹیبل کے بیٹے و دیگر اہلخانہ سے ملاقات کی۔آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ شہید کانسٹیبل غلام رسول کے اہلخانہ کی بہترین ویلفیئر کا ہر ممکن خیال رکھا جائے گا۔
53سالہ کانسٹیبل غلام رسول کے پسماندگان میں اہلیہ ، ایک بیٹا اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔
واضح رہے کہ کانسٹیبل غلام رسول گزشتہ رات نامعلوم افراد کی فائرنگ سے شہید ہوا تھا۔