شادی کی تقریب سے واپس آتی دلہن حادثہ میں ہلاک
ویب ڈیسک: نوبیاہتا سمانتھا کی زندگی کا خوبصورت ترین دن ہی زندگی کا بدقسمت ترین دن بن گیا۔ شادی کی تقریب میں ایجاب و قبول کے صرف پانچ گھنٹے بعد ہی کسی شرابی نے نشہ میں گاڑی چلاتے ہوئے سمانتھا اور اس کے دولہا کو کچل ڈالا، دلہن فوت ہو گئی جبکہ دولہا ہسپتال میں پڑا ہے۔
امریکہ کی ریاست ساوتھ کیرولائنا کے شہر فولی بیچ میں 34 سالہ سمانتھا ملر اپنے شوہر ایرک ہچنسن کے ساتھ شادی کی استقبالیہ تقریب ختم ہونے کے بعد گھر جانے کے لئے باہر نکل کر نوبیاہتا جوڑوں کے لئے خصوصی طور پر تیار کی گئی گالف کارٹ نما گاڑی میں سوار ہو کر سڑک پر آئی ہی تھیں کہ شراب کے نشہ میں دھت ایک شخص نے گاڑی ان کی خوبصورت گاڑی پر چڑھا دی۔
تیز رفتار گاڑی کی جان لیوا ٹکر سے دلہن موقع پر ہی فوت ہو گئی جبکہ کارٹ نما گاڑی میں سواردولہا سمیت تمام 5 افراد زخمی ہوئے جن میں سے دو کی حالت نازک ہے۔ دولہا ایرک ہچنسن کی والدہ نے بتایا کہ ٹکر مارنے والا ڈرائیور اتنا بے خبر تھا کہ اس کی گاڑی دولہا دلہن کی گاڑی کو سو میٹر تک گھسیٹتی لے گئی۔ دولہا ایرک ہچنسن کو اس حادثہ میں سر پر شدید چوٹ آئی اور کئی ہڈیاں ٹوٹ گئیں۔