مہنگے داموں اشیاء فروخت کرنے پر الفتح سٹور کو بھاری جرمانہ

2 May, 2020 | 09:57 PM

Malik Sultan Awan

(عثمان علیم) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صفدر حسین ورک  نے الفتح پی آئی اے روڈ کا دورہ کیا اور  مہنگے داموں اشیاء کی فروخت پر ایک لاکھ کا جرمانہ کردیا۔ 
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صفدر حسین ورک نے اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کا جائزہ لینے کے لیے پی آئی اے روڈ کے مختلف ڈیپارٹمنٹل سٹورز کا دورہ کیا، پرائس کنٹرول مجسٹریٹ آصف نعیم ورک بھی ان کے ہمراہ تھے۔ پی آئی اے روڈ پر واقع الفتح سٹور پر سماجی فاصلے کو یقینی نہ بنانے اور مہنگے داموں اشیاء کی فروخت پر الفتح سٹور کو 01 لاکھ روپے کا جرمانہ کیا گیا ۔

ایک ملک شاپ اور سبزی فروش کو بھی اوورچارجنگ پر 8000 روپے جرمانہ کیا ،مجموعی طور پر 01 لاکھ 08 ہزار روپے کے جرمانے کئے گئے ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صفدر حسین ورک کا کہنا ہے کہ شہر میں گراں فروشوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی تاکہ مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے ۔

دوسری جانب محکمہ داخلہ نے  پنجاب بھر میں ذخیرہ اندوزی آرڈیننس پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایات کردی، ضلعی سطح پر فوری سپیشل مجسٹریٹ کی تعیناتی کے لیے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کر دی گئیں۔ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کاروائیوں کے لیے محکمہ داخلہ نے ضلعی سطح پر فوری سپیشل مجسٹریٹ بھی تعینات کرنے کیلئے تمام کمشنرز, ڈپٹی کمشنرز کو سپیشل مجسٹریٹ کی تعیناتی یقینی بنانے کے لیے مراسلہ جاری کر دیا۔

آرڈینینس کے تحت ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں کرنے کی ہدایت دی گئی ہیں۔مراسلے میں مزید کہا کہ ذخیرہ اندوزی پر تمام مال ضبط کرکے سپیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں چالان پیش کیا جائے، سپیشل مجسٹریٹ ہر چالان پر 30 دن کے اندر فیصلہ کرنے کے پابند ہوں گے، سپیشل مجسٹریٹ تعینات کر کے محکمہ داخلہ کو آگاہ کیا جائے گا ،انسداد ذخیرہ اندوزی کے تحت کارروائیوں کی ہر 15 دن بعد رپورٹ جمع کرائی جائے گی۔

مزیدخبریں