سٹی42: کورونا کے باعث پید ا شدہ بحرانی صورتحال ، پروازوں کی بندش اور دنیا بھر کے ائرپورٹ بندہونے کے باوجود خصوصی انتظامات کے ذریعےبیرون مُلک پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو خصوصی پروازوں کے ذریعے وطن لانے کا سلسلہ جاری ہے.
دنیا میں لاک ڈاؤن، سفری پابندیوں کے باوجود گلف ، برطانیہ، آسٹریلیا، ملائیشیاء سمیت 38 ممالک سےہزاروں پاکستانیوں کو وطن لایا گیا ۔ 21مارچ کو پروازوں کی بندش کے باوجود شروع میں پہلے ہفتے 2 ہزاراورپھر بتدریج اضافے سے ہر ہفتے 6سے 7 ہزار پاکستانی بتدریج واپس لائے گئے۔
اس وقت وطن واپسی کے خواہشمند تقریباً 90 فیصد پاکستانی خلیجی ممالک میں ہیں، جن میں متحدہ عرب امارات میں 69 ہزار 695، سعودی عرب میں 15 ہزار 594، قطر میں 5 ہزار 500 رجسٹرڈ پاکستانی واپسی کے منتظر ہیں. مجموعی طور پر ایک لاکھ سے زیادہ پاکستانی سفارتی مشنز کیساتھ رجسٹرڈ ہو چکےہیں حکومت نے کہا ہے واپسی کے خواہشمند پاکستانی خود سفارتی مشنز میں لازمی رجسٹرڈ کرائیں .
کسی بھی پرواز کی آمد پر جہاز کے عملے اور مسافروں کیلئے 48 گھنٹے کا قرنطینہ، پھر ٹیسٹنگ، نتیجہ منفی آنے پر گھر میں 14 دن کی لازمی آئسولیشن، مثبت آنے پر ہیلتھ گائیڈ پر عمل کے باعث پروازوں کا سلسلہ سُست روی کا شکار ہے۔ جس کے باعث حکومت نےپاکستانیوں کی مُکمل واپسی کیلئے واضع شیڈول دینے سے معذرت کی ہے ۔ جبکہ پاکستان سے بھی کئی ممالک خصوصی پروازوں سے اپنے شہری واپس لے جا رہے ہیں.
دوسری جانب قطر ائیر کےکارگو طیارے کے ذریعے فرانس، مسقط، امریکہ، کویت اور یونان میں انتقال کرنے والے 16 پاکستانیوں کی میتیوں کو بذریعہ دوحہ سے لاہور پہنچادیا گیا۔انتظامیہ کی لاہور ائیرپورٹ کی جانب سےکارگو پر ضروری کاغذی کارروائی جاری ہے۔ورثا میتیوں کے حصول کے لیے ایمبولینس کے ہمراہ ائیرپورٹ کارگو پہنچ گئے۔کاغذی کارروائی کے بعد میتوں کو ورثاء کے حوالے کر دیاجائےگا۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا کے مجموعی کیسز کی تعداد 18ہزار، 235 ہے۔