پنجاب میں 35 پولیس اہلکار کورونا وائرس کا شکار ہوگئے

2 May, 2020 | 01:41 PM

Sughra Afzal

(علی ساہی)کورونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والے   پنجاب پولیس کے  35 اہلکار کورونا وائرس کا شکار ہوگئے، ڈی آئی جی ویلفیئر نے کورونا وائرس کےحوالے سے حفاظتی سامان کی ڈیمانڈ کے لیے مراسلہ بھجوا دیا۔

کورونا وائرس کے حوالے سے لاک ڈاون کے دوران پنجاب پولیس فرنٹ لائن پر فرائض انجام دے رہی ہے، اب پولیس میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دن بدن بڑھنے لگی ہے، لاہور سمیت پنجاب بھر میں کورونا سے متاثر پولیس اہلکاروں کی  تعداد35 ہوگئی ہے، اب تک 70 سے زائد ملازمین کے ٹیسٹ نیگیٹو آئے ہیں۔

آئی جی پنجاب کے حکم پر ڈی آئی جی ویلفیئر نے لاہور سمیت پنجاب بھر میں کورونا وائرس کے حوالے سے ڈیوٹیاں سرانجام دینے والے اہلکاروں و افسران کے لیے حفاظتی سامان کا استعمال یقینی بنانے کے لیے ڈیمانڈ کا مراسلہ بھجوایا ہے، 4 مئی تک سامان اور فنڈز کی تفصیلات طلب کی ہیں۔

مراسلے میں ہدایت جاری کی گئی ہے کہ تمام اضلاع و یونٹس حفاظتی سامان ویلفیئر فنڈز سے خریدیں، جن اضلاع و یونٹس کے پاس ویلفیئر فنڈز نہیں وہ تمام تفصیلات آئی جی آفس کو بھجوائیں، ان کو آئی جی افس کے ویلفیئر فنڈز سے سامان مہیا کیا جائےگا، جبکہ سامان کی خریداری کے لیے فنڈز بھی جاری کیے جائیں گے۔

واضح رہےکہ دنیا بھر میں تباہی مچانے والا کورونا  وائرس پاکستان میں تیزی سے پھیل رہا ہے، پولیس اہلکار، وارڈن، ڈاکٹرز، نرسز،  قیدی، بچے بڑے سب اس مہلک وبا سے متاثر ہورہے ہیں، پاکستان میں اب تک مہلک وائرس 408 افراد کی جانیں نگل چکا  اور   17 ہزار 699  افراد کو اپنی لپیٹ میں لے چکا ہے، کورونا سے سب سے زیادہ صوبہ پنجاب متاثر ہوا، جہاں کورونا وائرس سے 6ہزار854 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ 115 افراد موت کے منہ میں چلے گئے۔

یاد رہےکہ24 مارچ سے  کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر کے تحت لاہور سمیت پنجاب بھر میں  لاک ڈاؤن نافذ ہے،تجارتی مراکز، شاپنگ مالز، بازار ، دکانیں بند اور کاروباری سرگرمیاں معطل ہیں۔

مزیدخبریں