(ندیم خالد) تھانہ گوالمنڈی کی حدود میں فائرنگ کاایک اور واقعہ پیش آیا، موٹرسائیکل سواروں نے لاہور ہوٹل کی پارکنگ میں شعیب نامی نوجوان پرفائرنگ کردی۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت میں ڈاکے، چوریاں، قتل،زیادتی جیسی وارداتیں کم ہونے کی بجائے بڑھ رہیں ہیں جس کی وجہ سے شہر کا سکون تباہ وبرباد ہوکررہ چکا ہے ہر نیا طلوع ہونے والاسورج شام کو غروب ہوتے کئی جانوں کو ساتھ لے جاتا ہے کئی گھروں کی خوشیاں ماتم میں بدل جاتی ہیں، لرزہ خیزوارداتوں میں اضافے کی وجہ سے لوگوں میں خوف وہراس کی فضا نےاپنےاثرات مرتب کئے ہوئے ہیں۔ چوری وڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں شہریوں سے لاکھوں روپے، زیورات، موبائل فون، موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں سمیت دیگر قیمتی سامان سے محروم ہورہے ہیں۔
تھانہ گوالمنڈی کی حدود میں فائرنگ کاایک اور واقعہ پیش آیا جہاں موٹرسائیکل سواروں نے لاہور ہوٹل کی پارکنگ میں شعیب نامی نوجوان کوفائرنگ کر کےشدید زخمی کردیا۔مدعی کے مطابق قلعہ گجر سنگھ کےرہائشی علی بابا طاہرعرف تارا نےدیگر افراد کے ہمراہ ذاتی رنجش پرشعیب پر فائرنگ کی۔زخمی ہونے والے شعیب نےتھانہ گوالمنڈی کو اپنا بیان دیا کہ وہ گن مین ہے۔
ہوٹل پارکنگ میں ملزمان نےفائرنگ کر کے زخمی کیا ہے۔اندراج مقدمہ کے لیے تھانہ گوالمنڈی میں درخواست دائر کر دی گئی۔ریسکیو نے زخمی کو میو ہسپتال منتقل کردیا ہے۔پولیس کےمطابق فائرنگ کرنے والےملزمان ریکاڈ یافتہ ہیں۔ان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔گزشتہ دنوں بھی گوالمنڈی میں نا معلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہو گئے تھے۔
واضح رہے کہ شہر میں لاک ڈاؤن کے باوجود رمضان میں جرائم کی وارداتوں میں اضافے کا خدشہ مزید بڑھ گیا ہے، جنوری سے ابتک قتل کی 119 وارداتیں، 12 کو ڈکیتی مزاحمت پر گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔لاہور میں لاک ڈاؤن کے دوران بھی سٹریٹ کریمنلز نے خوف پھیلائے رکھا، جگہ جگہ ناکوں کے باوجود ڈاکوؤں نے تقریباً ایک ماہ کے عرصے میں مزاحمت پرچار افراد کو قتل کر دیا۔