کورونا وائرس کی دوسری اور تیسری لہر بھی آ سکتی ہے: ڈبلیو ایچ او

2 May, 2020 | 11:28 AM

Sughra Afzal

(مانیٹرنگ ڈیسک ) عالمی ادارہ صحت ( ڈبلیو ایچ او) نے خبردار کیاہے کہ کورونا وائرس کا جلد خاتمہ ممکن نہیں، اس کی دوسری اور تیسری لہر بھی آ سکتی ہے۔

ڈبلیو ایچ او یورپ کے سربراہ ڈاکٹر ہینس کلوگ نے کہا ہے کہ دنیا ابھی کورونا سے نجات سے بہت دور ہے، جب تک ویکسین تیار نہیں ہو جاتی، اس وبا کا خاتمہ ممکن نہیں.ڈاکٹر ہینس کلوگ نے کہا کہ یورپ میں کورونا کیسز میں کمی کے باوجود پورا خطہ اب بھی شدید خطرے میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وبا نے ثابت کیا ہے کہ انسانی صحت کسی بھی چیز سے زیادہ قیمتی ہے، صحت ہے تو ہی ملکی معیشت بھی بہتر ہو گی اور ملکی سلامتی بھی، پوری دنیا کو اب سب سے زیادہ صحت کے شعبے پر سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت ہے۔

یاد رہےکہ کچھ روز قبل عالمی ادارہ صحت (  ڈبلیو ایچ او)کے سربراہ ٹیڈروس ادہانوم نے خبردار کیا تھا کہ اگر وائرس کے خلاف موثر مداخلت نہیں کی گئی تو پاکستان میں جولائی کے وسط تک  کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ سے زائد ہوسکتی ہے۔

واضح رہے کہ چین کے صوبے ووہان سے جنم لینے والے کورونا وائرس کی دنیا بھر میں تباہ کاریاں جاری ہیں، عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب دنیا بھر میں 2 لاکھ 34 ہزار سے  زائد افراد موت کے منہ میں چلے گئے جبکہ 33 لاکھ 9 ہزار 49 افراد متاثر ہوگئے ہیں، 10 لاکھ 43 ہزار 48 سو سے زائد افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں، کورونا سے سب سے زیادہ امریکہ متاثر ہوا، جہاں اب تک 63 ہزار 800 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

پاکستان میں بھی کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے،  اب تک مہلک وائرس 408 افراد کی جانیں نگل چکا  اور   17 ہزار 699  افراد کو اپنی لپیٹ میں لے چکا ہے۔

مزیدخبریں