(وقاض احمد) رائےونڈ کے علاقے میں کھیتوں سے 5 سالہ بچے کی لاش برآمد ہوئی،، پولیس کو شبہ ہے حسنین کو زیادتی کے بعد قتل کیا گیا ۔
ایس ایس پی آپریشنز لاہور فیصل شہزاد کے مطابق رائے ونڈ کے علاقے وتنا گاوں میں 5 سالہ حسنین کی لاش کھیتوں سے برآمد ہوئی۔ پولیس کو شبہ ہےکہ بچے کو زیادتی کے بعد قتل کیا گیا۔کھیتوں سے بچے کی لاش بر آمد ہونے کی اطلاع ملنے پر ایس ایس پی آپریشنز فیصل شہزاد جائے وقوعہ کا دورہ کیا ۔ ایس پی صدر سید غضنفر علی شاہ،ایس ڈی پی او رائیونڈ اور دیگرافسران بھی موقع پر موجود تھے۔ فرانزک و تفتیشی ٹیموں اور تحقیقاتی اداروں نے موقع سے شواہد اکٹھے کئے۔ پولیس نے مختلف پہلوؤں پر تفتیش شروع کر دی ہے۔
واضح رہے کہ لاک ڈاؤن کے باوجود رمضان میں جرائم کی وارداتوں میں اضافے کا خدشہ مزید بڑھ گیا ہے، جنوری سے ابتک قتل کی 118 وارداتیں، 11 کو ڈکیتی مزاحمت پر گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔ گزشتہ دنوں شاد باغ میں تاجر سے دس لاکھ، شاہدرہ میں نوجوان سے ڈیڑھ لاکھ، لیاقت آباد میں کیشیئر حافظ فاروق کو لوٹ کر موت کے گھاٹ اتار دیا گیا تھا۔لاہور میں لاک ڈاؤن کے دوران بھی سٹریٹ کریمنلز نے خوف پھیلائے رکھا، جگہ جگہ ناکوں کے باوجود ڈاکوؤں نے تقریباً ایک ماہ کے عرصے میں مزاحمت پرچار افراد کو قتل کر دیا۔
گزشتہ دنوں قتل کی لرزہ خیزواردات میں ماڈل ٹاؤن میں حافظ سویٹس دکان کے ملازم کو قتل کردیا گیا تھا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم ندیم نشے کا عادی ہے اور اپنی اس لت کو پورا کرنے کے لیے ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں کا سہارا لیتا ہے۔شہری حافظ فاروق کے قتل کے روز بھی ملزم ندیم نے نشہ خریدنے کے لیے گن پوائنٹ پر واردات کی تھی۔انویسٹی گیشن پولیس لیاقت آباد نے ملزم کو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزم کو گرفتار کر کے الہ قتل بھی برآمد کر لیاتھا۔