(زین مدنی حسسینی)تھیٹر انڈسٹری کے جونیئر فنکاروں ،تکنیک کاروں اور پرڈیوسرز نے حکومت سے مالی امداد کی اپیل کردی، فنکاروں کا کہنا ہے کہ دو ماہ سے تھیٹرز بند ہیں ،بہت مشکل سےدن گزار رہے ہیں۔
موجودہ صورتحال اور لاک ڈاؤن کے پیش نظر جہاں ہر کوئی متاثر ہوا ہے وہیں تھیٹر انڈسٹری سے وابستہ جونیئر فنکار، تکنیک کار اور سٹیج پرڈیوسرز بھی بے حد متاثر ہوئے ہیں ۔ سٹیج اداکار برجو،ساقی خان،رضی خان،عرفان فانا،حامد رنگیلا سمیت پرڈیوسرز قیصر ثناءاللہ خان، اکبر بٹ ،علی جمشید اور سیف گورائیہ نے حکومت سے امداد کی اپیل کی ہے۔
ان کا کہناہے کہ تھیٹر بند ہونے سے دیہاڑی دار فنکار اور ٹیکنیشزکے حالات بہت برے ہوگئے ہیں ۔ حکومت نے اربوں روپے مستحق افراد میں تقسیم کئے ہیں۔ اسی طرح سٹیج فنکاروں کو بھی امداد دی جائے ۔چیئرمین تھیٹر ایکشن کمیٹی قیصر ثناء اللہ خان نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ فنکاروں کو مرنے سے بچایاجائے، عیدالفطر پر تھیٹرز ایس او پیز بنا کر تھیٹرز کھولنے کی اجازت دی جائے تاکہ ملازمین، فنکار اور ٹیکنشیز بے روزگار نہ رہیں۔