ویب ڈیسک : بالی ووڈ کے ایکشن ہیرو جان ابراہم نے کہا ہے کہ کئی بار پیش گوئی کی گئی کہ فلم انڈسٹری میں میرا وقت ختم ہوگیا ہے لیکن مجھے اس سے فرق نہیں پڑا، میرے مداحوں نے ہمیشہ سپورٹ کیا، میں اس محبت کا قرض اچھی فلموں کے ذریعے چکانا چاہتا ہوں۔
جان ابراہم کی اگلی فلم دی ڈپلومیٹ ایک حقیقی واقعے سے متاثر ہے، جس میں وہ ایک بھارتی سفارتکار جے پی سنگھ کا کردار نبھا رہے ہیں۔ اس حوالے سے انہوں نے کہا کہ مجھے جیو پولیٹکس (عالمی سیاست) سے دلچسپی ہے، اور جب میں نے اسکرپٹ پڑھا تو فوراً اس کہانی سے جُڑ گیا۔
جان ابراہم نے بتایا کہ میرے بارے میں روز نئی نئی کہانیاں لکھی جاتی ہیں، لیکن میں نے کبھی برا نہیں مانا، حقیقت یہ ہے کہ میرا کیریئر تنقید پر ہی کھڑا ہے اور میں اس کو انجوائے کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ پروڈیوسرز، ٹریڈ اینالسٹس اور کریٹکس سب ہی باکس آفس نمبرز سے جج کرتے ہیں اور میں اس کو سمجھتا ہوں، لیکن جس چیز نے مجھے بچایا، جو مجھے آگے لے کر گئی، وہ میرے مداح ہیں۔
اداکار نے بتایا کہ بالی ووڈ کو صرف نمبرز (کروڑوں کی کمائی) پر نہیں بلکہ اچھی کہانیوں پر دھیان دینا چاہیے، ہم سب 100، 200، 300، 400 کروڑ کمانا چاہتے ہیں، لیکن یہ اچھی کہانیوں کے ساتھ ہونا چاہیے، ہمیں نمبروں کی دوڑ کو ایک طرف رکھ کر لکھنے پر فوکس کرنا ہوگا۔