سٹی42: سینیٹ کی سندھ سے خالی ہونے والی دو نشستوں پر ضمنی انتخاب میں ایم کیو ایم پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدواروں کے مقابلے میں اپنے امیدوار کھڑے نہیں کرے گی۔
ایم کیو ایم نے آج فیصلہ کیا ہے کہ سینیٹ کی دو خالی نشستوں پر ایم کیو ایم کا کوئی امیدوار حصہ نہیں لے گا۔
سینیٹ کی سندھ سے دو نشستیں نثار کھوڑو اور جام مہتاب ڈاہر کے سندھ اسمبلی کا رکن منتخب ہونے کے بعد خالی ہوئی ہیں۔
سینیٹ کی ان دونوں نشستوں پر ضمنی انتخاب 14 مارچ کو ہوں گے۔
ایم کیو ایم کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ان نشستوں پر ضمنی الیکشن کے بعد سینیٹ کی نصف نشستوں کے لئے ہونے والے انتخابات میں پارٹی بھرپور حصہ لے گی۔
واضح رہے کہ اس ماہ سینیٹ کی 49 نشستوں پر نئے انتخابات ہوں گے۔ ان نشستوں کے انتخابات چھ سال پہلے ہوئے تھے اور ان کی مدت اس ماہ کے آخر میں ختم ہو رہی ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے سینیٹ کی 49 نشستوں پر الیکشن کا شیڈول صدارتی الیکشن کے بعد جاری کیا جائے گا