افشاں رضوان: لاہور شہر میں ہفتہ کے روز دن بھر سورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی ہوتی رہی۔ صبح سویرے سے ہی شہر میں ابر رحمت برسنے لگا تھا۔ شہر کے بیشتر علاقوں میں کچھ دیر بارش ہوئی جو رکنے کے بعد بھی آسمان پر بادل چھائے رہے۔ دوپہر کو بادلوں اور سورج کے درمیان آنکھ مچولی ہوتی رہی جو شام تک جاری رہی۔ اس دوران کہیں کہیں ہلکی بارش اور پھوار پڑتی رہی۔
ہفتہ کے روز شہر کے اطراف میں ژالہ باری بھی دیکھی گئی۔ اب بھی شہر کے مختلف مقامات پر بارش وقفے وقفے سے ہو رہی ہے۔
آج دن کے دوران مال روڈ، ڈیوس روڈ ، ریلوے اسٹیشن ،آزادی چوک، داتا دربار پر بارش ہوئی ٹاون شپ ، جوہر ٹاون ، ڈی ایچ اے اور دیگر مقامات پر کہیں ہلکی کہیں تیز بارش ہوئی۔
بارش اور بادلوں کے باوجود شہر کا درجہ حرارت 20 ڈگری سینٹی گریڈ تل پہنچ گیا۔ تاہم دن ڈھلنے کے بعد ماحول خنک ہو گیا۔ رات کے آخری پہر تک درجہ حرارت 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر جانے کا امکان ہے۔
ہفتے کے روز شام کے وقت شہر میں ہوا 24 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلتی رہی۔
بارش اور ہوا چلنے سے فضائی آلودگی میں کمی ہو گئی،ائیر کوالٹی انڈکس 93 تک گر گیا۔