ویب ڈیسک: سلمان خان کی شادی شاید بالی ووڈ کی سب سے زیادہ انتظار کی جانے والی شادیوں میں سے ایک ہے، اداکار کے مداحوں سمیت سبھی منتظرہے کہ سُپراسٹار انہیں یہ خوشخبری کب سنائیں گے۔
گزشتہ روز سلمان خان کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس نےان کے مداحوں کو شدید قسم کے تجسس میں مبتلا کردیا۔ بالی ووڈ اداکارہ سوناکشی کے ساتھ اس تصویرمیں دونوں کو شادی کے لباس میں اور ممکنہ طورپرانگوٹھیوں کا تبادلہ کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
سوناکشی سینیئرآرٹسٹ اور سیاسی رہنما شترو گھن سنہا کی بیٹی ہیں جنہوں نے 2010 میں فلم ‘دبنگ’ سے اپنا بالی ووڈ ڈیبیو سلمان کےساتھ ہی کیا تھا۔دبنگ کے بعد سوناکشی اور سلمان دبنگ 2 اور3 میں بھی ساتھ تھے، غالباً اسی لیے بھی سلمان خان کے مداحوں کو یہ خبر حقیقت لگی کہ دونوں نے شادی کرلی ہے۔
لیکن آخرمیں وہی ہوا جو اب تک ہوتا آیا ہے، یہ وائرل تصویرجعلی نکلی اور دبنگ خان کے چاہنے والوں کے ارمانوں پرایک بار پھرپانی پھرگیا۔تصویر ممکنہ طورپرفوٹو شاپ کا استعمال کرتے ہوئے حد سے زیادہ پرجوش ایک مداح نے تیار کی تھی جوشاید اس موضوع کو چھیڑ کرتوجہ حاصل کرنا چاہتا تھا۔