مال روڈ (سٹی42) آسٹریلوی میزبان اور پاکستان سپر لیگ کی پریزینٹر ایرن ہالینڈ نے وطن واپسی سے قبل لاہور میں خوب سیر سپاٹے کیے۔
ایرن نے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک مقامی ریسٹورنٹ سے تصاویر پوسٹ کیں، آسٹریلوی مہمان نے لاہور کی سڑکوں کی ویڈیو بھی شیئر کی۔ انہوں نے کیپشن میں بتایا کہ آخر کار وہ کورونا کے باعث بنائے گئے بائیو سکیور ببل سے باہر آگئی ہیں اور آخری مرتبہ عروج ممتاز کے ساتھ گھوم رہی ہیں۔
ایرن نے لکھا کہ وہ پاکستان سپر لیگ کے اختتام کے بعد اب جب وطن واپس لوٹ رہی ہیں تو وہ لاہور کو بہت زیادہ یاد کریں گی۔
انہوں نے زینب عباس کے ہمراہ کچھ تصاویر شیئر کرتے ہوئے زینب کو بہن' کہہ کر مخاطب کیا۔ جہاز سے تصویر شیئر کرتے ہوئے خصوصی پیغام لکھا کہ اب یہ الوداع کہنے کا وقت ہے، سچ کہوں تو ہر سال دل کا چھوٹا سا ٹکڑا ایونٹ کے اختتام پر یہیں رہ جاتا ہے، ایرن نے سیزن کی تعریف کرتے ہوئے محبت کا اظہار کیا۔