لاہور کی زہریلی فضا، ایئرکوالٹی انڈیکس خطرناک حد تک پہنچ گیا

2 Mar, 2022 | 10:01 AM

Muhammad Zeeshan

کومل اسلم: صوبائی دارالحکومت میں فضائی آلودگی تھم نہ  سکی ۔ایئر کوالٹی انڈیکس 234 تک پہنچ گیا،  محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موسم سرد اور خشک رہے گا۔ سورج بھی مکھڑا دیکھا رہا ہے جبکہ  پارہ 18 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

شہر میں فضائی آلودگی کا خاتمہ نہیں کیا جاسکا ۔ کوٹ لکھپت میں 347 , مال روڈ میں 337 ، فیز 8 ڈی ایچ اے میں 313 ، انار کلی میں 217 ، فتح گڑھ میں 266  اور  فدا حسین میں ائیر کوالٹی انڈیکس 263 ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ محکمہ موسمیات نے آج دن بھر مطلع ابر آلود رہنے اور شام کے اوقات میں بارش کے امکان کی پیشگوئی کی ہے ۔ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کم سے کم پارہ 14 اور زیادہ سے زیادہ 25 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ۔ ہوا میں نمی کا تناسب 66 فیصد ہے اور ہوا کی رفتار 3 کلو میٹر فی گھنٹہ کے حساب سے چل رہی ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز   لاہور دنیا بھر کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر آگیا تھا۔  فضائی آلودگی کی مجموعی شرح 179 ریکارڈ کی گئی جبکہ فتح گڑھ میں 273، انارکلی بازار 234، کوٹ لکھپت 197، ڈی ایچ اے فیز ٹو 195، ڈی ایچ اے فیز ایٹ 187 اور اقبال ٹاؤن میں 183 ریکارڈ کی گئی .

مزیدخبریں