پنجاب حکومت وزیراعظم کے آبائی ضلع پر مہربان،بڑی منظوری دیدی

2 Mar, 2021 | 12:40 PM

M .SAJID .KHAN

(علی ساہی)وزیراعظم کے آبائی ضلع کے بجٹ میں پھر سے اضافہ، میانوالی کے لئےمختص شدہ بجٹ سے ہٹ کر اضافی فنڈ منظور، عمران خان کے آبائی ضلع کو مزید 1 ارب 63 کروڑ روپے کا بجٹ دے دیا گیا۔

سرکاری رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے ضلع میانوالی کے لیے رواں سال 5 ارب روپے سے زائد کا فنڈ مختص تھا اور بجٹ میں کسی بھی مالی سال میں مختص شدہ فنڈ کا ہی اجرا کیا جاتا ہے جبکہ اضافی بجٹ کی سپلمنٹری یا پھر بیشتر سست رفتار منصوبوں کے فنڈ ترجیحات میں شامل منصوبوں پر خرچ کیے جاتے ہیں۔

دستاویزات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے آبائی ضلع میں ہنگامی بنیادوں پر مختص بجٹ میں اب 1 ارب 63 کروڑ روپے کا مزید بجٹ شامل کرلیا گیا ہے جو کہ بطور سپلمنٹری گرانٹ جاری ہو رہا ہے، بجٹ دستاویزات کے مطابق عمران خان کے آبائی ضلع میانوالی میں 171 ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے جن کی کل لاگت تخمینہ اور مالیت 48 ارب روپے سے زائد ہے۔

واضح رہے کہ قبل ازیں پنجاب حکومت نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کے آبائی ضلع میانوالی میں سرکاری سکولوں کی حالت اور معیار تعلیم بہتر بنانے کا فیصلہ کرتےوزیر ہائر ایجوکیشن کو ذمہ داری سونپی،راجہ یاسر ہمایوں نےسرکاری سکولوں میں مسنگ فیسلٹیز کا جائزہ لیا،سرکاری سکولوں سے متعلق سفارشات چیف سیکرٹری پنجاب کوجمع کرائی گئی تھی۔

چیف سیکرٹری نےمتعلقہ افسران کو وزیر ہائر ایجوکیشن کےدورے ترتیب دینے کی ہدایت بھی کی تھی، راجہ یاسر ہمایوں کی سفارشات کےمطابق میانوالی کے سکولو‍ں کو خصوصی فنڈز دئیے جائیں گے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے اعلان کے مطابق فیروز پور روڈ پر ایک ہزار بیڈ کا ہسپتال بنانے کا منصوبہ التواء کا شکار ہو گیا ہے۔ ایل ڈی اے نے تاحال ہسپتال کو زمین ہی الاٹ نہیں کی۔ زمین الاٹ نہ ہونے سے ہسپتال کی فزیبلٹی رپورٹ ہی تیار نہیں ہو سکی۔ ہسپتال کو ابھی تک فنڈز بھی جاری نہیں کئے جا سکے ہیں۔

مزیدخبریں