وزیراعلیٰ کی منظوری کے باوجود اہم منصوبہ شروع نہ ہوسکا

2 Mar, 2021 | 12:12 PM

M .SAJID .KHAN

(قیصرکھوکھر) فیروز پور روڈ پر ایک ہزار بیڈ کا ہسپتال بنانے کا منصوبہ التوا کا شکار ہو گیا۔ وزیراعلیٰ نے ارفع کریم ٹاور کے قریب ہسپتال بنانے کا اعلان کیا تھا۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے اعلان کے مطابق فیروز پور روڈ پر ایک ہزار بیڈ کا ہسپتال بنانے کا منصوبہ التواء کا شکار ہو گیا ہے۔ ایل ڈی اے نے تاحال ہسپتال کو زمین ہی الاٹ نہیں کی۔ زمین الاٹ نہ ہونے سے ہسپتال کی فزیبلٹی رپورٹ ہی تیار نہیں ہو سکی۔ ہسپتال کو ابھی تک فنڈز بھی جاری نہیں کئے جا سکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ہسپتال بنانے کا تمام کام کاغذوں تک ہی محدود ہے۔محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نے ایل ڈی اے سے ہسپتال کے لئے زمین مانگ رکھی ہے مگر ایل ڈی اے کی جانب سے کوئی جواب نہیں دیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ لاہور   میں  صحت کا بڑا منصوبہ تیار کرنے کا فیصلہ کیاگیاتھا،وزیر اعلیٰ پنجاب نے ارفع کریم ٹاور سے متصل خالی اراضی پر ہسپتال تعمیر کی منظوری دی تھی،ایک ہزار بستروں پر جدید ترین ٹیچنگ ہسپتال تعمیر کرنے کا فیصلہ کیاگیا تھا، جناح ہسپتال کے بعد 30 برسوں سےشہر میں کوئی بڑا ہسپتال تعمیر  نہیں ہوا، 30 برسوں میں شہر کی آبادی دوگنا سے بڑھی لیکن علاج معالجے کی سہولتیں پرانی رہیں۔

وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت ایل ڈی اے کی گورننگ باڈی اجلاس میں اہم فیصلے ہوئے تھے، شیرانوالہ گیٹ فلائی اوور ، کریم بلاک انڈر پاس اور شاہکام چوک منصوبے کی اصولی منظوری دی گئی،

ذرائع ابلاغ کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت   ایل ڈی اے گورننگ باڈی کااجلاس ہوا،وزیراعلیٰ پنجاب نے3 نئے میگا پراجیکٹ کی اصولی منظوری دی تھی،شیرانوالہ گیٹ فلائی اوور کو شروع کرنے کی منظوری دیدی گئی،کریم بلاک انڈر پاس اور شاہکام چوک منصوبے کی اصولی منظوری جبکہ واسا کو دو زیر زمین واٹر سٹوریج ٹینک شروع کرنے کی منظوری دی گئی۔

مزیدخبریں