نئے پٹواریوں کی بھرتی سے متعلق جامع پلان جاری

2 Mar, 2021 | 11:43 AM

Imran Fayyaz

سعود بٹ : صوبہ میں نئے پٹواریوں کی بھرتی سے متعلق محکمہ بورڈ آف ریونیو نے جامع پلان جاری کردیا۔ تعیناتیاں پبلک سروس کمیشن کی بجائے متعلقہ کمشنر کے سپرد کر دی گئیں جبکہ اسسٹنٹ کمشنر کوتعیناتی کمیٹی کا سربراہ مقرر کر دیا گیا ۔
 تفصیلات کے مطابق بورڈ آف ریونیو کی واضح کردہ پالیسی کے مطابق تعیناتی کمیٹی میں اسسٹنٹ کمشنر کے ہمراہ تین افسران بطور ممبران مقرر کئے گئے۔پٹواری کی بھرتیوں کیلئے اشتہار متعلقہ ضلعی کمشنر بورڈ آف ریونیو کی ہدایات پر جاری کرینگے۔ مراسلہ کے مطابق تعلیمی قابلیت کیلئے کم از کم آئی سی ایس ڈگری ہولڈر، شارٹ ہینڈ، ٹائپنگ اور کمپیوٹر کی تعلیم لازمی قرار دی گئی ہے جبکہ پٹواری کی اسامی پر 5 فیصد کوٹہ اقلیتوں کیلئے مختص کر دیا گیا۔
 تعیناتیوں میں شکایات کی صورت میں مسائل کے حل کے حوالے سے کمیٹی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا ہے۔ بورڈ آف ریونیو نے نئی پالیسی کے حوالہ سے دستاویزات صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو بھجوا دی ہیں۔

 دوسری جانب پنجاب حکومت نے پٹواریوں کی جعل سازی اور مناپلی ختم کرنے کے لئے زمینوں اور عمارتوں کے سارے ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کا فیصلہ کر لیا جبکہ عمارتوں کے ریکارڈ کو سروے آف پاکستان سے منسلک کیا جائے گا۔ پٹواریوں کو کمپیوٹر دئیے جائیں گے خسرے نمبر اور بلڈنگز کا تمام حدوداربعہ کمپیوٹرائزڈ ہوگا۔ پٹواری کاغذی ریکارڈ کی بجائے تمام ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کریں گے۔ وزیراعلی نے تمام ریکارڈ 30 تک مکمل کرنے کی ہدایت دے دی۔

مزیدخبریں