سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کی اہم شخصیت کو سینیٹ الیکشن کےلئے اہل قراردیدیا

2 Mar, 2021 | 11:09 AM

Imran Fayyaz

سٹی42:تحریک انصاف کے امیدوار سیف اللہ ابڑو کی نااہلی کا معاملہ ، سپریم کورٹ نے سیف اللہ ابڑو کو سینیٹ الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی اور سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے نااہلی سے متعلق درخواست خارج کردی۔
 تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سماعت کی۔ چیف جسٹس نے وکیل سے مکالمے میں کہا کل الیکشن ہیں ، اس کے بعد نااہلی چیلنج کردیجئے گا، عدالت کے فیصلے موجود ہیں کہ الیکشن کے بعد کاغذات نامزدگی چیلنج کئے جاسکتے ہیں۔۔چیف جسٹس نے کہا آپ کے پاس انتخابات کے بعد الیکشن پٹیشن دائر کرنے کا راستہ موجود ہے۔ عدالت نے وکیل کی استدعا مسترد کرتے ہوئے کہا کل الیکشن ہیں اس لئے اس وقت درخواست پر سماعت نہیں کی جاسکتی۔ درخواست گزارالیکشن کے بعد بھی دیگر فورمز کا استعمال کرسکتا ہے۔ 
 قبل ازیں سندھ ہائی کورٹ نے پاکستان تحریکِ انصاف کے امیدوار سیف اللّٰہ ابڑو کو سینیٹ کا الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی تھی ۔عدالتِ عالیہ نے الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کے خلاف دائر کی گئی درخواست کی سماعت کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سینیٹ کے لیے امیدوار سیف اللّٰہ ابڑو کے کاغذاتِ نامزدگی بحال کر دیئے تھے۔ اور اب سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے سپریم کورٹ نے بھی نااہلی سے متعلق درخواست خارج کردی ہے۔

مزیدخبریں