(سعید احمد سعید) کروناوائرس وباکے خدشے کے پیشِ نظر پاکستان ریلوے کا اپنے ملازمین اور مسافروں کے لئے آگاہی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا، مہم کے تحت ریلوے ہیڈکوارٹر سمیت ملک بھر کے ریلوے سٹیشنوں پر آگاہی فلیکسز آویزاں کیے جائیں گئے۔
کروناوائرس وباکے خدشے کےپیشِ نظر ریلوے ہیڈکوارٹر میں چیف ایگزیکٹو آفیسر دوست علی لغاری کی زیر صدارت اجلاس ہوا، اجلاس میں کرونا وائرس کے پیش نظر اہم فیصلے کیے گئے، ترجمان پاکستان ریلوے قرة العین فاطمہ کے مطابق ریلوے میں تقریباً 67ہزار ریلوے ملازمین ہیں جبکہ ریلوے سے سالانہ 7 کروڑ مسافر بھی سفرکرتے ہیں، ریلوے انتظامیہ نے اپنے ملازمین اور مسافروں کے لئے کرونا وائرس کے حوالے سے آگاہی مہم شروع کرنے کا فیصلہ۔کیا ہے، جس میں کرونا وائرس سے بچنے کے لئے احتیاطی تدابیر کے بینرز، پوسٹرز اور دیگر معلومات کو سٹیشنوں، ڈویژنوں اور ہیڈکواٹرز کی مختلف جگہوں پر آویزاں کیے جائیں گئے۔
ریلوے ہیڈکوارٹرز اور تمام ڈویژنوں میں اس حوالے سے ایک فوکل پرسن تعینات کیاجائے گا۔ جو ریلوے و متعلقہ صوبائی ہیلتھ اتھارٹیزکے ساتھ منسلک رہے گا اور کرونا وائرس کے حوالے سے کسی بھی مشتبہ کیس کو رپورٹ کرے گا اور اس سلسلے میں جتنی بھی حفاظتی تدابیر ہیں ان پر عملدرآمد یقینی بنائے گا۔ ترجمان ریلوے نے مزید کہاکہ تمام اسٹیشنوں پر اور ریلوے ہسپتالوں میں ٹھوس فضلے کو ضائع کرنے کا مناسب انتظام کیاجائے گاجس کی باقاعدہ ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ یہ فیصلہ بھی کیا گیاکہ ریلوے ہیڈکوارٹرز آفس کے کیرن ہسپتال سمیت تمام ڈویژنوں کے ہسپتالوں میں کرونا وائرس کے مریضوں کے لیے علیحدہ سے کمرہ مختص کیا جائے۔ اجلاس میں چیف میڈیکل ہیلتھ آفیسر، ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ورکشاپ،چیف پرسانل آفیسر، ڈویژنل میڈیکل افسران سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔