ٹک ٹاک صارفین کیلئے بری خبر، عدالت نے اہم فیصلہ سنا دیا

2 Mar, 2020 | 05:34 PM

Arslan Sheikh

( ملک اشرف ) لاہور ہائی کورٹ میں ٹک ٹاک کی بندش کیلئے دائر متفرق درخواست پر سماعت، پیمرا کی جانب سے جواب جمع کرادیا گیا۔

جسٹس شاہد وحید نے کیس کی سماعت کی، عدالت کے روبرو پیمرا کے لیگل ایڈوائزر طاہر تاڑر نے تحریری جواب داخل کرا دیا، جس میں کہا گیا کہ پیمرا سوشل میڈیا کو ریگولیٹ نہیں کرتا، الیکٹرانک میڈیا پر قابل اعتراض مواد چلا ہو تو درخواست گزار کونسل آف کمپلینٹ سے رجوع کرے۔ درخواست قابل سماعت نہیں اس کو مسترد کیا جائے۔

ٍ عدالت کے روبرو پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے جواب داخل نہ کرایا، وکیل نے جواب داخل کرانے کے لیے مہلت کی استدعا کی۔ درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ٹک ٹاک ایپ کے ذریعے نوجوان نسل کو تباہ کیا جا رہا ہے، ٹک ٹاک سے وقت اور پیسے کے ضیاع کے ساتھ فحاشی عام ہورہی ہے۔

درخواست گزار کا کہنا تھا کہ ہراسگی کا عنصر بڑھ رہا ہے، نوجوان نسل کو سوشل میڈیا کے منفی اثرات سے بچانے کے اقدامات نہیں کیے گئے۔ درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت وفاقی حکومت کو پرائیویسی پروٹیکشن ایکٹ بنانے کا حکم دے۔

مزید استدعا کی گئی کہ عدالت درخواست کے حتمی فیصلے تک ٹک ٹاک ویڈیوز نشر کرنے سے روکنے کا حکم بھی دے، عدالت نے کیس کی مزید سماعت دو ہفتوں کے لیے ملتوی کردی۔

مزیدخبریں