کورونا وائرس:پنجاب میں 44مشتبہ مریض داخل،4پروازیں منسوخ

2 Mar, 2020 | 12:48 PM

Azhar Thiraj

سٹی 42:چین کے بعد دنیا کے 50 سے زائد ممالک میں پھیلنے والے کورونا وائرس سے ہلاکتیں 3 ہزار سے تجاوز کر گئیں۔غیر ملکی میڈیا  کی رپورٹس  کے مطابق اٹلی میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1700 کے قریب پہنچ گئی ہے جب کہ فرانس میں وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 130 ہو گئی ہے۔

امریکا میں بھی کورونا وائرس سے دوسری ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ چیک ری پبلک، اسکاٹ لینڈ اور ڈومینن ری پبلک میں بھی کورونا وائرس کے پہلے پہلے کیس کی تصدیق ہوئی ہے،چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق کووڈ 19 سے مزید 42 اموات اور 202 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ جنوبی کوریا میں بھی 4 افراد ہلاک اور 495 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

چین میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 2 ہزار 912 ہو گئی ہے جب کہ دنیا کے دیگر ممالک میں ہونے والی اموات کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 3 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ ایران میں بھی گزشتہ روز 11 ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 54 ہو گئی ہے۔  آسٹریلیا اور تھائی لینڈ میں بھی ایک ایک ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔

برطانیہ میں کورونا وائرس کے 36 کیسز کی تصدیق کے بعد وزیراعظم بورس جانسن نے طبی ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔اس کے علاوہ جنوبی کوریا میں بھی ہلاکتیں 26 ہو گئی ہیں جب کہ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزار 212 تک پہنچ گئی ہے۔


پاکستان میں صورتحال ابھی کنٹرول میں ہے،سیکیورٹی حکام کے مطابق پاک افغان بارڈر باب دوستی 9 مارچ تک بند رہے گا اور  اس دوران کسی کو آمدورفت کی اجازت نہیں ہوگی، اس سلسلے میں تمام ٹریڈرز، گڈز ٹرانسپورٹرز کو مال بردار گاڑیاں، کسٹم ہاؤس اور دیگر یارڈ منتقل کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔پنجاب میں کوروناکے2مشتبہ مریض آئسولیشن وارڈز میں موجود  ہیں۔ایک مریض پرائمری سکینڈری ہیلتھ کئیر،ایک مریض سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر ہسپتال میں زیرعلاج ہے۔ ابتک صوبہ بھر کےہسپتالوں میں44مشتبہ مریض داخل ہوئے، 42مریضوں کوکلیئرقرار دےکرڈسچارج کیاجاچکاہے۔

کرونا وائرس کے باعث فضائی سفر پرپابندیاں بھی جاری ہیں۔ دمام، مدینہ، بحرین اور تہران جانے والی پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں، 4 غیرملکی ائیرلائن نے 2 طرفہ پروازیں منسوخ کیں، تہران سے آنے والی پرواز ڈبلیو 1195 بھی منسوخ کردی گئی ۔

مزیدخبریں