(سعید احمد) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ فلائٹ آپریشن بند ہونے سے ریلوے کی چاندی ہو گئی، گزشتہ چار دنوں میں ریلوے کے ذریعے سفر کرنے والوں کی تعداد میں 25 فیصد اضافہ ہوا، سمجھوتہ ایکسپریس سوموار کے روز شیڈول کے مطابق انڈیا روانہ ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق ریلوے ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے بعد ائیرپورٹ بندش کی وجہ سے 25 فیصد سےزائد مسافروں نے ریلوے سے سفر کیا، ریلوے نے جہازوں کی کمی کو احسن طریقے سے پورا کیا۔ریلوے کے پاس7 روز کا آئل موجود تھا۔ وزارت پٹرولیم نے ایمرجنسی کی حالت میں ایک ماہ کے لیے ادھارآئل دیا۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ریلوے نےچار ماہ میں3 ارب روپےسے زیادہ کمایا ہے، لاہور،کراچی اورحیدر آباداسٹیشن کی تزئین و آرائش کی جائے گی، مال ٹرینوں کی تعداد 14 تک پہنچ گئی ہے جس کو 20 تک لیکر جانا چاہتے ہیں، کوچز کےحصول کے لیے 28 مارچ کو بڑا ٹینڈر ہو گا اگر ٹینڈر ہو گیا تو بند تمام ٹرینوں کو دوبارہ چلائیں گے۔