(علی رامے) لاہوریوں کیلئے بڑی خبر، ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ پرکام شروع، 21 ارب 17 کروڑ کے بی آربی ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ منصوبے کیلئے فنڈز کا اجراء منظور، پنجاب حکومت نے پراجیکٹ پر کام کیلئے مینجمنٹ یونٹ بنانے کی منظوری بھی دیدی۔
پی اینڈ ڈی بورڈ اورصوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس چیئرمین پی اینڈ ڈی حبیب الرحمن گیلانی کی سربراہی میں ہوا ، جس میں سیکرٹری پی اینڈ ڈی اور بورڈ کے دیگر ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس میں لاہوریوں کو صاف پانی کی فراہمی کے لیے بی آر بی کینال پر ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پر کام شروع کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے اور محکمہ خزانہ کو 21 ارب 17 کروڑ سے بی آر بی ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ پر بجٹ ایس و پی اور رواں سال میں مختص فنڈز کے مطابق جاری کرنے کا کہا گیا ہے۔
حکام کی جانب سے بی آر بی ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ میں کچھ تبدیلیاں لائی گئیں ,جس پر موجودہ حکومت نے فنڈز کے دوبارہ اجراء کی منظوری دی ہے۔ اجلاس میں حکومت پنجاب نے لاہور سمیت دیگر اضلاع میں جاری منصوبوں کیلئے 32 ارب روپے مالیت کے منصوبوں پر فنڈز کے اجراء کی منظوری دی۔