حسن خالد:پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کا کہنا ہے کہ شہباز شریف نے شدید غصے میں پریس کانفرنس کی، ایسے لگ رہا تھا کہ خادم اعلیٰ پریشان ہیں اور کرپشن کیس میں پکڑے گئے ہیں۔
چیئرمین سیکرٹریٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین کا کہنا ہے کہ چینی ادارے میں فیصل سبحان کے انٹرویو کا باقاعدہ ریکاررڈ موجود ہے، جس میں فیصل سبحان نے بیان دیا کہ ملتان میٹرو کا معاہدہ کرنے والی کمپنی کے اصل مالکان شریف خاندان ہے، شہباز شریف بتائیں کہ اگر فیصل سبحان کو وہ قبول نہیں کرتے تو پھر یہ انٹرویو اور دستاویزات جھوٹی ہیں، اگر دستاویزات درست ہیں تو نیب اس معاملے کی تحقیقات کرے۔
اس موقع پر فواد چوہدری نے کہا کہ فیصل سبحان شہباز شریف کا فرنٹ مین ہے،پیراگون تعمیراتی کمپنی میں شہباز شریف کے فرنٹ مین ندیم ضیا کو ملک سے فرار کرا دیا گیا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ وزیراعلی پنجاب نے ترقیاتی کاموں میں نو ہزار ارب کا فنڈ خرچ کیا ۔