اویس کیانی : وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کا دورہ کیا، جہاں پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے ان کا استقبال کیا۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا پاکستانی ہائی کمیشن کے افسران سے تعارف کرایا گیا۔ دورے کے دوران محسن نقوی سے پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل کی ون آن ون ملاقات ہوئی ۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل کی قیادت میں لندن مشن بہترین خدمات سرانجام دے رہا ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت پاکستانی ہائی کمیشن میں اجلاس ہوا، جس میں محسن نقوی کو ہائی کمیشن کے افعال کار کے بارے بریفنگ دی گئی۔ وفاقی وزیرداخلہ نے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی، کہا کہ مسائل کے حل کے لئے جدید ٹیکنالوجی پر مبنی تیز تر نظام وضع کیا جائے۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی وطن کے سفیر ہیں، ان کے مسائل کے حل کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اوورسیز پاکستانیوں کی سہولت کیلئے مزید اقدامات کرنے کی ہدایت کی، ان کا کہنا تھا کہ روایتی طریقہ کار سے ہٹ کر منفرد انداز میں عوامی مسائل کے حل پر فوکس کیا جائے۔
دورے کے دوران وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے وزیٹرز بک میں اپنے تاثرات درج کیے ۔