لاہور میں ایک رات میں تیسرا انکاؤنٹر؛ دو پولیس اہلکار زخمی

2 Jun, 2024 | 04:25 AM

فاران یامین: لاہور میں نواب ٹاؤن کے علاقہ شانو بابا چوک کے قریب پولیس مقابلہ میں دو پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ یہ آج رات لاہور میں تیسرا پولیس مقابلہ تھا۔  
اطلاعات کے مطابق  نواب ٹاؤن کے علاقہ شانو بابا چوک کے قریب مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو ناکے پر موجود اہلکاروں نے روکا تو ان  کی فائرنگ سے 2 اہلکار زخمی ہو گئے۔ 
زخمی اہلکاروں میں کانسٹیبل امتیاز اور علی حمزہ شامل ہیں جنہیں فوری طور پر  ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق اہلکاروں نے معمول کے مطابق  ناکے پر موٹر سائیکل سوار 3مشکوک افراد کو روکنے کی کوشش کی تھی۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے ہسپتال میں زیر علاج اہلکاروں کی عیادت کی۔ انہوں نے  زخمی اہلکاروں کو بہترین علاج کی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب اس پولیس انکاؤنٹر سے پہلے دو انکاؤنٹر ہوئے جن میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق  ایک اجرتی قاتل مارا گیا اور ایک  ملزم زخمی حالت میں پکڑا گیا۔  ان واقعات کے کچھ ہی دیر بعد نواب ٹاؤن میں بھی پولیس ناکے پر انکاؤنٹر ہو  گیا جس کے ملزم اب تک گرفتار نہیں ہو سکے۔

 بعد ازاں ملنے والی اطلاعات کے مطابق بعض صحافتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات لاہور میں چار جرائم پیشہ افراد پولیس مقابلوں میں مارے گئے۔

پولیس کے مطابق مسلم ٹاؤن میں ہوئے مقابلے میں دو ڈاکو ہلاک ہوئے۔  ہلاک ڈاکوؤں عبدالقادر اور کاشف نے چند روز قبل اقبال ٹاؤن میں عازمِ حج پروفیسر  کو قتل کر دیا تھا اور ان کے بیٹے کو زخمی کر دیا تھا۔

 18 مئی کو اقبال ٹاؤن نجف کالونی کی حدود میں ڈکیتی مزاحمت پر باپ قتل جبکہ بیٹا زخمی ہو گیا  تھا۔ بیٹا شعیب بینک سے پیسے نکلوا کر گھر جا رہا تھا کہ ڈاکوؤں نے پیچھا کیا۔ گھر کی دہلیز پر ڈاکوؤں نے شعیب نامی نوجوان پر فائرنگ کی تھی بیٹے کو بچانے آئے والد فائرنگ کی ذد میں آکر جان کی بازی ہار گئے تھے۔

 آج رات ہی  کاہنہ کے علاقے میں مبینہ پولیس مقابلے میں دو ڈکیت مارے گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ  یہ دونوں ملزم کاہنہ میں موٹرسائیکل چھین کر فرار ہو رہے تھے کہ پولیس پہنچ گئی۔ ہلاک ڈاکوؤں کی شناخت فرحان اور زین کے نام سے ہوئی۔

  

مزیدخبریں