سٹی42: وزیراعظم شہباز شریف نے گاڑیوں کے مینوفیکچررز سے کہا ہے کہ آٹو سیکٹر پاکستان میں مقامی سطح پر گاڑیوں کی تیاری کرے، اپنی مصنوعات کا ایک خاطر خواہ حصہ برآمد کرے اور ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرے ۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے یہ باتیں آٹو اور آٹو پارٹس مینوفیکچررز کے وفد کے ساتھ وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کے دوران کہی ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کرنے والے وفد میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹویوٹا پاکستان علی جمالی، آٹو پارٹس صنعت کے نمائندے عامر اللہ والا بھی شامل تھے۔
آٹو مینوفیکچررز کے وفد نے حکومت کی کاروبار و سرمایہ کار دوست پالیسیوں پر وزیراعظم شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کیا ۔
شہباز شریف نے وفد سے مزید کہا کہ پاکستان کی آٹو پارٹس کی صنعت عالمی ویلیو چین کا حصہ بنے۔ حکومت ملکی برآمدات میں اضافے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے۔