علی رامے: نگران وزیراعلیٰ سید پنجاب محسن نقوی نے صوبہ بھر کے بڑے ہسپتالوں میں ہیلتھ کیئر کی بہتری کیلئے پلان طلب کرلیا۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں صوبہ بھر کے ہسپتالوں میں ہیلتھ کیئر کی سہولیات کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری ہیلتھ اور سیکرٹری تعمیرات و مواصلات بھی شریک تھے۔
دوران اجلاس بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہسپتالوں میں ضروری سہولتوں کی فراہمی اور تعمیر و مرمت کا جامع پلان بنایا جائے گا، خدمات کی بہتری کیلئے ہسپتالوں کو پرانی عمارتوں سے نئی بلڈنگز میں منتقل کیا جائے گا، بڑے ہسپتالوں میں بائیو میڈیکل مشینیں، طبی آلات اور دیگر سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔
بریفنگ میں کہا گیا کہ پنجاب کے 7 بڑے ٹیچنگ ہسپتالوں میں 60 بنیادی سٹینڈرڈ میڈیسنز فراہم کی جائیں گی، تمام کارڈیالوجی ہسپتالوں میں 25 ضروری میڈیسنز فراہم کی جائیں گی، اجلاس میں بڑے ہسپتالوں کیلئے ہیلتھ کونسلز کے قیام کی تجویز پر بھی اتفاق ہوا۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے بڑے ہسپتالوں میں ہیلتھ کیئر کی بہتری کیلئے پلان طلب کرتے ہوئے سیکرٹری صحت کو ہیلتھ کیئرسروسز کی فراہمی کیلئے سات روز کے اندر پلان پیش کرنے کی ہدایت کردی۔