(حسن علی) آٹے کی قیمت کو کنٹرول کرنےکےحکومتی دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے، شہر میں آٹےکا 20 کلو کا تھیلا925 روپے میں فروخت ہوتا رہا۔
پاکستان فلورملزایسوسی ایشن کی جانب سےقیمت میں اضافے کے بعد شہرمیں آٹےکا 20 کلو کا تھیلا 925 روپے میں فروخت ہونےلگا، شہریوں کا کہنا ہےکہ وہ پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس رہےہیں،اب آٹے کی قیمت میں اضافہ حکومت کی عوام کو ریلیف دینےکے دعوؤں کی نفی ہے۔
پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب زون کےچیئرمین عبدالروف مختار کہتےہیں کہ ایسوسی ایشن نے آٹے کی قیمت میں اضافہ اوپن مارکیٹ میں گندم کی بڑھتی ہوئی قیمت کےباعث کیا ہے، فلورملز کوسرکاری گندم کا کوٹہ بند ہے، ایسے میں فلور ملزپرائیویٹ گندم خرید کر پسائی کرکےمارکیٹ میں آٹا فراہم کر رہی ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کم از کم اشیا ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کرائے تاکہ مہنگائی کے اس دور میں انہیں کچھ ریلیف مل سکے۔
یاد رہے اس سے قبل پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب زون نے صوبے بھر میں گندم کی قیمتوں میں اضافے کی شرح کے تناسب سے آٹے کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا تھا۔ لاہور سمیت سنٹرل پنجاب کے مختلف شہروں میں 20 کلوگرام تھیلے کی قیمتوں میں 120 روپے کا اضافہ کیا گیا تھا۔ جنوبی پنجاب میں 50 روپے سے لے کر 60 روپے تک فی تھیلا اضافہ کیا گیا تھا۔